3 جولائی 2014 - 12:39
امریکہ: مبینہ طور پر’داعش‘ کی حامی 19 سالہ خاتون گرفتار

شینن کو اُس وقت گرفتار کیا جب وہ ترکی کے لیے پرواز پر سوار ہونے کے لیے تیاری کر رہی تھیں

ابنا: عدالت کی دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ’ایف بی آئی‘ نے 19 سالہ خاتون کو اُس وقت گرفتار کیا جب وہ جہاز کے ذریعے شام روانہ ہونے والی تھی۔

بظاہر یہ خاتون دہشت گردوں کی مدد کا ارادہ رکھتی تھی۔

انتظامیہ نے مشتبہ خاتون کو شینن مورین کے نام سے شناخت کیا ہے۔ اُن پر غیر ملکی دہشت گرد گروپوں کی مدد کے لیے ساز باز کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

شینن کو ’ایف بی آئی‘ کے ایجنٹس نے اُس وقت گرفتار کیا جب وہ ترکی کے لیے پرواز پر سوار ہونے کے لیے تیاری کر رہی تھیں، جہاں سے اُنھیں شام جا کر اُس شخص سے ملنا تھا جس سے اُن کا رابطہ انٹرنیٹ کے ذریعے ہوا تھا۔

اطلاعات کے مطابق اُس شخص نے شینن کو بتایا تھا کہ وہ  دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ فی عراق ولشام (داعش) سے تعلق رکھتا ہے جب کہ شینن بھی اس بات پر یقین رکھتی تھیں کہ اسلام کے نا ماننے والوں کے خلاف سخت جہاد کی ضرورت ہے۔

عدالت نے کہا کہ شینن مورین نے کسی نا کسی طرح کی فوجی تربیت حاصل کر رکھی تھی۔

.......

/169