25 جون 2014 - 12:37
ایران کی مذاکراتی ٹیم رہبرمعظم کے نقطۂ نگاہ کی پابند

اسلامی جمہوریۂ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ مذاکرات کرنے والی ٹیم کے اراکین خود کو رہبر انقلاب اسلامی کے نقطہ ہائے نگاہ پر عمل کرنے کا پابند سمجھتے ہیں ۔

ابنا: ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے  کل مجلس شورائے اسلامی کے بعض نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس میں ایٹمی مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال ، عالمی مسائل اور عراق کے حالات کا جائزہ لیا ۔  ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایٹمی مذاکرات کی ریڈ لائن کا تعین رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای کرتے ہیں اور ایٹمی مذاکرات میں جن مسائل پر بھی بات چیت ہوتی ہے ان کی تفصیلات سے بھی رہبر معظم کو رپورٹ پیش کی جاتی ہے ۔ جناب ظریف نے ایران مخالف امریکہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کی پابندیوں کو غیر قانونی ، ظالمانہ اور بین الاقوامی قوانین کے برخلاف قراردیا اور کہا کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیاں غیر قانونی ہونے کے علاوہ ملکوں کے تجارتی مسائل میں ایک طرح کی مداخلت شمار ہوتی ہیں ۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ آج عالمی رائے عامہ پر یہ بات واضح ہوگئی ہےکہ ملت ایران بات چیت اور مذاکرات کی قائل ہے اور کسی دباؤ میں نہیں آئے گي اور اپنے اصولوں پر قائم ہے ۔

.......

/169