12 جون 2014 - 04:38
شمالی وزیرستان میں ڈورن حملے، ۱۶ افراد ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو امریکی ڈرون حملوں کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک جبکہ چار زخمی ہوئے ہیں

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پہلا ڈرون حملہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کے گاؤں درگاہ مندی میں ہوا جہاں امریکی ڈرون طیارے نے 2 میزائل داغے جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے، ڈرون طیارے نے ایک کمپاؤنڈ اور ایک پک اپ گاڑی کو نشانہ بنایا جبکہ کارروائی میں ہلاک ہونے والے 4 ازبک اور 2 کا تعلق پنجابی طالبان سے بتایا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق دہشت گردوں نے پک اپ گاڑی کمپاؤنڈ کے باہر کھڑی کی کہ اسی دوران ڈرون طیارے نے دونوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد کمپاؤنڈ اور گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ دوسری جانب موصولہ رپورٹ کے مطابق رات گئے بھی میران شاہ کے مقام دانڈے درپہ خیل میں بھی ڈرون حملہ کیا گیا، امریکی ڈرون طیاروں نے گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے 6 میزائل داغے جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔ ادھر شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں بھی ڈرون طیاروں کی نچلی سطح پر پراوزیں جاری رہیں جس سے علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان مذاکرات شروع ہونے پر امریکی ڈرون حملے روک دیئے گئے تھے اور آخری حملہ 26 دسمبر 2013 کو  کیا گیا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲