اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزراتِ داخلہ نے صوبائی حکومتوں کو یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے سیکیورٹی انتظامات بہتر کریں۔ وزارتِ داخلہ کے ذرائع کے مطابق یہ ہدایات ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردوں کے حملوں کی نئی لہر اور عسکریت پسندوں کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کے بعد جاری کی گئی ہیں۔ پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے مضبوط گڑھ شمالی وزیرستان میں متوقع آپریشن کے ممکنہ ردّعمل سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے سیکیورٹی انتظامات بہتر کریں۔ وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ وفاق نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اکثر اس طرح کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ہمیں مخصوص علاقوں میں دہشت گردوں کے حملوں کے امکانات کے سلسلے میں انٹیلیجنس رپورٹس موصول ہوئی ہیں تو ہم نے وقتاً فوقتاً اس طرح کے الرٹ جاری کیئے ہیں۔ پاکستان کے دارالحکومت کی سڑکوں پر سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد کی اہم شاہراہوں کی کئی چوکیوں پر ایلیٹ فورسز کے اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔ اپنے مخصوص سیاہ وردیوں میں ملبوس یہ اہلکار چیک پوسٹوں پر کاروں کی چیکنگ اور مشکوک افراد کی تلاشیاں لے رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲
۔