اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ریڈیو تہران کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم کی زیرصدارت کراچی میں امن و امان سے متعلق اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں نے امن کیلئے حکومتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں نے ٹارگٹڈ آپریشن اور حکومتی اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیااور کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کو کوئی رعایت نہ دی جائے۔ قانون نافذ کرنے والے کسی اقدام سے گریز نہ کریں۔اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی میں امن کیلئے ہر اقدام کی مکمل حمایت کرے گی، ہم چاہتے ہیں کہ کراچی میں پہلے جیسا امن ہوجائے۔میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا تھاکہ تحفظ پاکستان آرڈیننس پر تحفظات ہیں اورکراچی آپریشن سے متعلق ایم کیو ایم کے مطالبے پرہی کمیٹی بنائی گئی ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں نے ٹارگٹڈ آپریشن مزید تیز کرنے پر زور دیا اور وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر بنایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲