26 فروری 2014 - 20:30
ایران کی ایٹمی تنصیبات میں کام جاری رہے گا: ڈاکٹر لاریجانی

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ پانچ جمع ایک گروپ کے ساتھ قومی مفادات کے دائرے میں سربلندی سے مذاکرات جاری رہیں گے۔

ابنا:  ڈاکٹر علی لاریجانی نے قم المقدسہ میں ائمہ جماعات اور صوبے قم کے انتظامی اداروں کی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایران کے مذاکرات جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں اہم قدم اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ایران کی ایٹمی تنصیبات میں کام جاری رہے گا اور اس سلسلے میں مایوس ہونے کی کوئي وجہ نہیں ہے۔ ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ ایران اپنے ایٹمی معاملے کے بارے میں واضح موقف رکھتا ہے اور مغرب کو یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ایران ایٹمی ٹکنالوجی کا حامل ملک ہے اور جن لوگوں نے ٹکنالوجی حاصل کرلی ہے انہیں اس سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ خواہ پابندیوں سے پہلے کا زمانہ ہویا بعد کا ایران ہمیشہ مذاکرات کے لئے تیار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران چاہتا ہے  کہ این پی ٹی معاہدے کے تحت اپنی ایٹمی سرگرمیاں جاری رکھے۔ ڈاکٹر لاریجای نے کہا کہ ایران کبھی ایٹم بم کے درپئے نہیں رہا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲