اہلبیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بحرین میں آل خلیفہ حکومت کے ہاتھوں علماء کونسل کو تحلیل کئے جانے کے خلاف اس ملک کے علاقے الدراز کی جامع مسجد امام صادق(ع) میں شیعہ علماء اور مومنین نے دھرنا دیا ہے۔درین اثنا بحرین کے علماء نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون کو خط لکھ کر بحرین کی علماء کونسل کے منحل کئے جانے کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور کھلا ہوا ظلم قرار دیا۔علمائے بحرین کے خط میں آیا ہے کہ ہم کسی بھی صورت میں اس ظلم کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں آپ بحرینی حکام سے کہیں کہ وہ مذہبی آزادی اور اظہار بیان کی آزادی پر پابندی عائد نہ کریں اور اس ملک کی علماء کونسل کے منحل کئے جانے کے حوالے سے دئے گئے حکم کو واپس لیں۔بحرین کے طلاب، حوزہ ہائے علمیہ میں تعطیل کر کے مسجد امام صادق (ع) میں دھرنے کے طور پر بیٹھ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ بحرین کے سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے بدھ کو ایک سیاسی حکم دے کر شیعہ علماء کونسل کو منحل کر دئے جانے کا حکم دیا ہے۔واضح رہے کہ بحرین کی علماء کونسل کی بنیاد ۲۰۰۵ میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے ذریعے رکھی گئی۔ بحرین کے اکثر علماء اور دینی طلاب اس کونسل کے رکن ہیں اور اس کے ماتحت ملک میں دینی اور سیاسی فعالیت انجام دیتے ہیں۔










