4 جنوری 2014 - 20:30
عراق: فلوجہ کو القاعدہ کے دہشت گردوں سے چھڑا لیا گیا

فلوجہ کے قبائل نے اعلان کیا ہے کہ یہ شہر مزید القاعدہ کے کنٹرول میں نہیں ہے۔

اہل البیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق سعودی چینل العربیہ نے فلوجہ کے قبائلی زعماء کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ یہ شہر القاعدہ کے مسلح دہشت گردوں کے کنٹرول میں نہیں رہا۔ یہ خبر ایسے حال میں منظر عام پر آئی ہے کہ عراقی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ شام اور اردن سے ملنے والے صوبے الانبار میں کاروائی کے دوران القاعدہ کی ذیلی تنظیم داعش کے 55 دہشت گرد ہلاک کئے گئے ہیں۔ اس بیان کے مطابق 30 دہشت گرد فلوجہ شہر کے نواح میں ایک فضائی کاروائی کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ہیں اور 25 دہشت گرد البوفراج کے علاقے میں ہلاک ہوئے ہیں جن میں ابودجانہ کہلوانے والا بدنام زمانہ دہشت گرد بھی شامل ہے۔ یہ 25 افراد الانبار کے قبائل اور سرکاری افواج کی مشترکہ کاروائی میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ سینچر کے روز عراق کے بعض سرکاری ذرائع نے کہا تھا کہ فلوجہ شہر سرکری افواج کے کنٹرول سے نکل گیا ہے اور داعش نے اس پر قبضہ کیا ہے چنانچہ العربیہ کی رپورٹ کو مشکوک اور متنازعہ قرار دیا جارہا ہے۔ ان ذرائع کے مطابق فلوجہ کے نواحی علاقے مقامی پولیس کے کنٹرول میں ہیں جبکہ داعش نے فلوجہ شہر کے لئے ایک گورنر مقرر کیا ہے۔

واضح رہے کہ دسمبر کے مہینے میں بھی فلوجہ کا نام نہاد گورنر اور القاعدہ کا دہشت گرد کمانڈر عمر اسماعيل عواد ـ جو ابو مازن کہلواتا تھا ـ پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/٭۔٭