ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریڑی امور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے مرکزی میڈیا سیل کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کا مسئلہ ہے، حکومت کو چاہیے کہ امریکہ سے بھیک مانگنے کے بجائے ان کے سامنے ڈٹ جائے، امداد کی خاطر ملک کی سالمیت کو دائو پر نہ لگایا جائے، آخر کب تک بھیک مانگتے ہوئے گزارا کریں گے۔ ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں تو ملک کو کسی سے مدد لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ علامہ شفقت شیرازی کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہمارے حکمران وطن سے مخلص ہوں تو وہ ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل نکال سکتے ہیں، اگر ملک سے کرپشن کی لعنت کو ختم کریں اور اعلٰی عہدوں پر محب وطن پاکستانیوں کو میرٹ پر جگہ دیں تو ریاست کو غلامی سے نجات مل سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا ہمیں افسوس ہوتا ہے کہ ہمارے حکمران ایٹمی ریاست ہونے کے باوجود ملکی سالمیت کی حفاظت کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں اور کرپشن، لوٹ مار، مہنگائی اور مفاد پرستی کی وجہ سے ملک کی داخلی صورت حال روز بہ روز ناگفتہ بہ ہوتی چلی جا رہی ہے، جن حکمرانوں نے کشکول توڑنے کے نعرے لگائے وہ آج خود عالمی طاقتوں کے سامنے ڈالروں کے عوض ملکی غیرت و حمیت کا سودا کر رہے ہیں۔
.......
/169