ابنا: پنجاب میں مختلف مسالک کے علما نے 9 نکاتی ضابطہ اخلاق پر اتفاق کر لیا۔ صوبہ بھر کی مساجد میں اذان اور عربی خطبے کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی۔ محکمہ اوقاف کے تحت مختلف مکاتب فکر کے علماء کا اجلاس ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر اوقاف عطا محمد مانیکا نے کی۔ اجلاس میں حافظ طاہر اشرفی کی جانب سے پیش کیے گئے 9 نکات منظور کر لیے گئے۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی خطیب یا ذاکر اہل بیت (ع)، اصحاب رسول (رض) اور خلفائے راشدین (رض) کی توہین نہیں کرے گا، کوئی فرقہ دوسرے فرقے کے افراد کو کافر نہیں کہے گا اور نہ واجب القتل قرار دے گا، اذان اور عربی خطبے کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر پر مکمل پابندی ہو گی۔محکمہ اوقاف کے اس ضابطہ اخلاق میں کسی بھی مکتبہ فکر کے خلاف نفرت انگیز کلمات ادا نہیں کیے جائیں گے۔ ضابطہ اخلاق میں مزید کہا گیا ہے کہ اکابرین، مقامات مقدسہ اور عبادت گاہوں کا احترام یقینی بنایا جائے گا۔ دل آزار، نفرت انگیز اور اشتعال انگیز نعروں سے اجتناب کیا جائے گا۔ جلسے، جلوسوں، مساجد اور عبادت گاہوں میں اسلحہ خصوصا غیر قانونی اسلحے کی نمائش نہ کی جائے۔ عوامی سطح پر ایسے اجتماعات منعقد کیے جائیں جن سے تمام مکاتب فکر کے قائدین بیک وقت خطاب کر کے قومی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔......./169
3 دسمبر 2013 - 20:30
News ID: 485955
ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی خطیب یا ذاکر اہل بیت (ع)، اصحاب رسول (رض) اور خلفائے راشدین (رض) کی توہین نہیں کرے گا، کوئی فرقہ دوسرے فرقے کے افراد کو کافر نہیں کہے گا اور نہ واجب القتل قرار دے گا، اذان اور عربی خطبے کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر پر مکمل پابندی ہو گی۔