ابنا: شورائے علماء اسلام کے سربراہ محسن الغریفی نے کہا ہے کہ آل خلیفہ کے حکام فرقہ واریت کو ہوا دے کر علماء بحرین کو نشانہ بنانے کی سازش کررہے ہیں اور انہوں نے شیعہ اکثریت کے خلاف تشدد آمیز کاروائياں تیز کردی ہیں۔ محسن الغریفی نے کہا کہ شورائے علمائے اسلام ایک اسلامی تنظیم کی حیثیت سے معاشرے کے مسائل کے تعلق سے اپنے شرعی فریضے پر عمل کررہی ہے اسی وجہ سے اس کے خلاف آل خلیفہ کی تمام کاروائياں غیر قانونی ہیں اور ان اقدامات کا خاتمہ ہونا چاہیئے۔ دوسری طرف جمعیت وفاق ملی نے ایک بیان میں خواتین کے خلاف آل خلیفہ کی تشدد آمیزکاروائيوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آل خلیفہ نہایت ہی شرمناک طریقے سے خواتین کے حقوق پامال کررہی ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ آل خلیفہ نے خواتین کے حقوق پامال کرکے تمام اقدار اور دینی اور مذہبی نیز انسانی حقوق کو پامال کیا ہے۔ بحرین کی مختلف پارٹیوں اور تنظیموں نے موجودہ بحران سے نکلنے کے لئے وسیع البنیاد قومی منصوبہ بنانے کا اعلان کیا ہے اور ملت بحرین سے اپیل کی ہے کہ اپنے اہداف تک پہنچنے کے لئے بھرپور طرح سے میدان میں ڈٹی رہے۔ واضح رہے کہ ملت بحرین اپنے پامال شدہ حقوق کی بازیابی اور آل خلیفہ کی جاہلانہ امتیازی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔ جمعیت وفاق ملی کے سینئررہنما نے کہا ہے کہ اس وسیع البنیاد منصوبے میں سب کو شامل کیا جائےگا۔.......
/169