29 نومبر 2013 - 20:30
وزیر خارجہ : ایران میں یورینیم کی افزودگی کے حق کو تسلیم کیا گيا ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ جناب محمد جواد ظریف نے اپنے شہر قم کے دورے میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ طے پانے والے سمجھوتے میں، کہ جس پر فریقین نے دستخط کئے ہیں، ایران میں یورینیم کی افزودگی کے حق کو تسلیم کیا گيا ہے اور اب یہ مسئلہ، قابل مذاکرات نہیں رہا ہے۔

ابنا: وزیر خارجہ  نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے پر فریقین کی جانب سے عملدرآمد ہونے کے نتیجے میں ایسے حالات پیدا ہوں گے جن سے ایک جامع سمجھوتے پر پہنچنا آسان ہوجائے گا۔ایران کے وزیر خارجہ نے آئندہ کے مذاکرات کو اور زیادہ سخت مرحلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ چھے مہینوں کا دور ایک دوسرے کی جانب سے اعتماد کی بحالی کیلئے نیک نیتی کے ساتھ اقدامات عمل میں لائے جانے کا دور ہے تاکہ فریقین کے درمیان آئندہ کیلئے راہ ہموار ہوسکے۔انھوں نے کہا کہ ایران کبھی جوہری ہتھیاروں کے درپے نہیں رہا ہے اور نہ ہی اس کے پاس چھپانے والی چیز ہے اسکا ایٹمی پروگرام پرامن ہے جس میں کبھی کسی خلاف ورزی کا مشاہدہ نہیں کیا گيا ہے اور اس حقیقت کی تصدیق خود ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے معائنہ کاروں نے بارہا اپنی رپورٹوں میں بھی کی ہے۔......./169