10 اکتوبر 2013 - 20:30
سرکاری افواج کی مسلسل پیشقدمی/ درجنوں دہشت گرد ہلاک؛ داعش کا فرانسیسی کمانڈر ہلاک

الحسینیہ میں دہشت گردوں کا اہم ترین اڈہ دہشت گردوں سے پاک کرلیا گیا/ داعش کا فرانسیسی کمانڈر "ابوالقعقاع الفرنسی" مارا گیا/ 30 دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال دیئے۔

اہل البیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق دمشق کے نواحی علاقے الحسینیہ اور الذیابیہ میں دہشت گردوں کے مضبوط اڈے کو سرکاری افواج کی ایک نہایت تیز رفتار یورش میں مکمل طور پر ان کے ناپاک وجود سے پاک کرالیا گیا ہے۔ دہشت گردوں نے اپنے اڈے کو بچانے کے لئے بارودی سرنگیں بچھائی تھیں اور رکاوٹیں کھڑی کی تھیں جن سے گذر کر سرکاری دستوں نے دہشت گردوں کو بھاری جانی اور مالی نقصانات پہنچائے اور درجنوں دہشت گرد ہلاک اور باقیماندہ میدان جنگ چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ ویڈیو رپورٹ میں دکھایا گیا ہے کہ اس علاقے کے تجارتی مراکز اور اسکول اور اسپتال تک پر دہشت گردوں نے رحم نہيں کیا ہے اور ان مقامات کو یا تو تباہ کردیا گیا ہے یا پھر انہیں دہشت گردی کے لئے مورچوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔ یہ کامیاب کاروائی مختلف علاقوں میں کئی کامیاب کاروائیوں کے بعد انجام پائی جن میں غوطہ شرقیہ اور غوطہ غربیہ کے کئی علاقوں کو دہشت گردوں سے آزاد کرایا گیا تھا اور اس کاروائی کے لئے راستہ ہموار کیا گیا تھا۔ دمشق کے نواحی علاقے دوما میں بھی دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ادھر حلب میں بھی سرکاری افواج کی کاروائیاں جاری ہیں جن میں فرانسیسی دہشت گرد کمانڈر "ابوالقعقاع الفرنسی" سمیت متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ سرکاری افواج نے حلب میں سعودی عرب سے وابستہ دہشت گرد تنظیم "دولۃالاسلامیۃ في العراق والشام (داعش)" کے کئی خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ یہ کاروائیاں ریف حلب میں واقع قصبے "السفیرہ" کے علاقے میں بھی جاری رہیں اور ہالکین کے درمیان خطرناک فرانسیسی دہشت گرد ابوالقعقاع کی لاش بھی ملی ہے جو داعش کے کمانڈروں میں سے تھا۔

1

اطلاعات کے مطابق ابو محمد الشامی المشہور "ابوالقعقاع" فرانسیسی شہریت کا حامل تھا جس کو حلب کے نواح میں خناصر ـ سفیرہ کی سڑک پر جھڑپوں میں مارا گیا ہے۔ اور ابو جریم میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گولہ بارے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ دوسری طرف سے زملکا کے علاقے میں بھی جھڑپیں ہورہی ہیں اور دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر شدید گولہ باری ہورہی ہے۔ اور زملکا کے پل پر سرکاری کنٹرول کے بعد حرستا کے علاقے میں میدان الثانویہ کے قریب جھڑپوں میں متعدد دہشت گرد ہلاک کئے جاچکے ہیں زملکا کے علاقے میں فوج کی پیشقدمی جاری ہے۔ سرکاری افواج نے حلب صوبے کے شہر منغ میں بھی داعش نامی دہشت گرد ٹولے کے ایک خفیہ ٹھکانے کو نشانہ بنا کر درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک اور زخمی کردیا ہے۔  شام میں العالم کے مقامی ڈائریکٹر حسین مرتضی کی رپورٹ کے مطابق صوبہ حمص میں "مشرفہ ـ تلبیسہ" کی سڑک کے اطراف، ملتقی البحرین اور ریف الرستن میں بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا اور انشا‏ئات نامی محلے میں عامی شہریوں پر دہشت گردوں کی مارٹر شیلنگ کے بعد سرکاری افواج نے حملہ کرکے دہشت گردوں کا صفایا کردیا۔ ادھر ایک ویڈیو رپورٹ کے مطابق بیت سحم کے علاقے میں 30 دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال کر اپنے آپ کو سرکاری افواج کے حوالے کردیا ہے۔ادھر فارس خبر ایجنسی کے مطابق حرم حضرت زینب (سلام اللہ علیہا) کے اطراف میں امریکی حمایت یافتہ فری سیرین آرمی اور ابوالفضل(ع) بریگیڈ نیز حزب اللہ کے دستوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ حزب اللہ کی فورسز سے شامی فوج کی مدد سے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے دہشت گردوں کو حرم کے اطراف سے مار بھگایا ہے۔نیز الحدث نیوز کی رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں کے یرموک کیمپ سے تکفیری ٹولے "جبہۃالنصرہ" کے دہشت گردوں نے پسپائی اخیار کی ہے۔ النصرہ کے دہشت گردوں نے حالیہ ایام میں بھاری جانی نقصانات کے بعد یرموک کیمپ سے پسپائی اختیار کی ہے۔ حدث نیوز نے "عرب برس" کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ تکفیری گروپ النصرہ کے دہشت گرد القدم اور حجر الاسود کی طرف پسپا ہوگئے ہیں جبکہ اسی اثناء میں جیش الحر نامی دہشت گرد ٹولے کے درجنوں دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال کر اپنے آپ کو سرکاری فورسز تحویل میں دے دیا ہے۔ الحدث نیوز نے کہا ہے کہ جبہۃالنصرہ کو حالیہ جھڑپوں میں شدید جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے باعث یہ دہشت گرد تنظیم فلسطینیون کے یرموک کیمپ سے پسپا ہوگئی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/٭۔٭