8 اکتوبر 2013 - 20:30
ایران کی ترقی جوان دانشوروں اور سائنس دانوں کے ہاتھوں میں ہے+تصاویر

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ ایران کے جوان دانشور اور سائنس داں مستقبل میں ملک کی ترقی کی باگ ڈور سنبھالنے والے ہیں۔

اہلبیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ابنا۔ رہبرانقلاب اسلامی حضرت آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج ایران کی یونیورسٹیوں کے ایک ہزار سے زائد نوجوان سائنس دانوں اور دانشوروں سے خطاب میں فرمایا کہ اسلامی نظام کی بنیادی پالیسی تیز سائينسی ترقی سے عبارت ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ایران کا تھنک ٹینک اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ اگر دشواریوں، خطروں اور لغزشوں کے مقامات کو سرکرنے کے کئي راستے ہیں تو بے شک ان میں ایک راستہ علمی و سائنسی پی شرفت کا ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی نے ایران میں موجودہ اعلی صلاحیتوں اور توانائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ایرانی دانشوروں اور سائنس دانوں کی توانائياں اس سطح کی ہیں کہ وہ ہر اس سائنسی اور علمی ہدف کو حاصل کرسکتے ہیں جس کے لئے ملک میں انفرا اسٹرکچر موجود ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ایران کے نوجواں سائنس داں اوردانشور ملک و ملت کو ہمہ گير ترقی کی چوٹیوں پر لے جانے کی توانائي رکھتے ہیں۔ رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ سیاسی، اقتصادی اور عالمی و علاقائي واقعات کا تجزیہ اور تحلیل کرتے وقت ہمارے مد نظر یہ حقیقت رہنی چاہیئے کہ دنیا میں ایسا طاقتور محاذ موجود ہے جو نہیں چاہتا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مختلف شعبوں بالخصوص سائنس و ٹکنالوجی میں ایک طاقتور ملک بن جائے اور اس کی قوم بھی اس لحاظ سے ترقی کرلے۔رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکہ اور مغرب کے بعض ممتاز دانشوروں اور شخصیتوں نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے ابتدائي زمانے میں بعض مظامین میں مغربی حکومتوں کو خبردار کیا تھا کہ اسلامی انقلاب، ایک حکومت کی تبدیلی کا نام نہیں ہے بلکہ اسلامی انقلاب کی کامیابی، مغربی ایشیا میں ایک نئي طاقت کے ظہور کے معنی میں ہے جو ممکن ہے اس حساس اور ذخائر سے مالا مال علاقے کو مغرب کے تسلط سے خارج کردے یا اس کے تسلط کو متزلزل کردے یا مغربی دنیا کو ٹکنالوجی اور سائنس کے لحاظ سے چیلنج کردے۔ آپ نے فرمایا کہ تین دہائيوں کے بعد اب امریکیوں اور مغربی ممالک کا یہ ڈراؤنا خواب حقیقت میں تبدیل ہوچکا ہے اور ایک قومی طاقت نے علاقے میں سر اٹھایا ہے جسے طرح طرح کے سیاسی، اقتصادی، سکوریٹی اور تشہیراتی ہتھکنڈے  گرانے میں نہ صرف ناکام رہے ہیں بلکہ اس بڑی طاقت نے علاقے کی قوموں پر گہرے اثرات مرتب کئے اور مسلمانوں کو تشخص عطا کیا۔رہبر انقلاب اسلامی نے گذشتہ دو برسوں میں شمالی افریقہ اور علاقے کے نہایت اہم واقعات اور ان پر امریکہ اور مغربی ملکوں کے رد عمل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ قوموں کا بیدار ہوجانا اور مغرب و امریکہ کے حقارت آمیز رویوں کے مقابل خالی ہاتھوں ڈٹ جانا ایک عظیم واقعہ تھا جو مغرب کے تصور کے برخلاف اب بھی جاری ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی حضرت آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ یہ واقعات ایک تاریخی موڑ ہیں جن سے اس وقت علاقہ گذر رہا ہے اور ابھی وہ اپنے صحیح انجام کو نہیں پہنچے ہیں جبکہ مغرب ان سے خوفزدہ ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے تاکید فرمائي کہ یہ اہم واقعات اسلامی انقلاب کی برکت سے رونما ہوئےہیں جو ابتدا ہی سے ایک قومی، مستحکم، مضبوط باایمان، باصلاحیت اور روبہ ترقی و کمال طاقت کی بشارت دے رہے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲