ابنا: علاالدین بروجردی نے فردو تنصیبات کا معائنہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ فردو ایٹمی مرکز ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کی نگرانی میں شفافیت سے کام کررہا ہے لہذا اسے ہرگز بند نہیں کیا جائے گا۔ علاالدین بروجردی نے کہا کہ ایٹمی ٹکنالوجی میں پیشرفت، ایران کے قومی افتخارات میں شمار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیاں پرامن ہیں اور پارلیمنٹ ان کی بھرپورحمایت کرتی ہے۔ علاء الدین بروجردی نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی جانب سے فردو تنصیبات کے معائنہ کی ضرورت پر مبنی بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے امریکی وزیر خارجہ کو اس بات کا علم نہ ہو کہ فردو تنصیبات میں ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے کیمرے لگے ہوئے ہیں اور اس مرکز کی تمام سرگرمیاں آئي اے ای اے کے زیرنگرانی جاری ہیں۔
واضح رہے کہ بعض مغربی ذرائع ابلاغ نے رپورٹیں دی تھیں کہ فردو تنصیبات کے بند کئے جانے کی صورت میں ایران پر عائد پابندیاں ہٹادی جائيں گي۔ ان رپورٹوں کے سامنے آنے کے بعد ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے ان کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ فردو تنصیبات کو بند نہیں کیا جائے گا۔
.......
/169