14 ستمبر 2013 - 19:30
شام کیمیائی ہتھیار، امریکہ اور روس کے درمیان اتفاق

امریکہ اور روس کے درمیان شام کے کیمیائی ہتھیار تباہ کرنے سے متعلق معاہدہ ہوگیا ہے۔

ابنا: جنیوا میں ہوئی تین دن کی بات چیت کے بعد روس اور امریکہ اس بات پر متفق ہوئے ہیں کہ آئندہ سال کے وسط تک یہ ہتھیار ناکارہ دیئے جائیں گے۔ جان کیری نے دعوی کیا ہے کہ امریکہ نے فوجی کارروائی کا فیصلہ واپس نہیں لیا ہے جبکہ روسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ معاہدے میں طاقت کے استعمال کی بات نہیں کی گئی۔ یہ اعلان امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور ان کے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف نے 3 دنوں تک جنیوا میں مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ شام اپنے کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کی معلومات ایک ہفتے کے اندر اندر پیش کرے۔یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے اسلحہ انسپکٹر نومبر تک شام کا دورہ کریں گے۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا تھا کہ ابھی یہ طے نہیں ہوا کہ شام نے معاہدے پر عمل نہ کیا تو کیا اقدامات کئے جائیں گے۔قابل ذکر ہے کہ امریکہ، شام کے خلاف اپنے اس الزام پر تاکید کرتا رہا ہے کہ دمشق نے کیمیائی ہتھیار استعمال کئے ہیں جبکہ شام کے صدر بشار اسد اس الزام کی تردید کے ساتھ ہمیشہ یہ دعوی کرتے رہے ہیں کہ اس قسم کے ہتیاروں کا استعمال مخالفین کی جانب سے ہوا ہے جبکہ روس بھی شام کی حکومت کے دعوے تصدیق کرتا رہا ہے۔......./169