ابنا: اسلامي جمہوريہ ايران کي وزارت خارجہ کي پہلي خاتون ترجمان مرضيہ افخم نے اپني پہلي ہفتہ وار پريس بريفنگ ميں شام پر امريکا کے ممکنہ حملے اور دنيا کے مختلف ملکوں کے ساتھ ايران کے صلاح مشورے اور سفارتکاريوں کي طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تہران نے اس سلسلے ميں وسيع پيمانے پر سفارتکاري کي ہے اور اس کي کوشش ہے کہ علاقے ميں جنگ اور خونريزي کو جيسے بھي ہو روکا جائے ۔ وزارت خارجہ کي ترجمان مرضيہ افخم نے کہا کہ وزيرخارجہ نے شام کے بحران کے بارے ميں اپني ٹيلي فوني گفتگو ميں اور اسي طرح ديگر ملکوں ميں ايران کے سفارتکاروں کو فعال بنا کر بحران شام کو حل کرنے کو اپني ترجيحات ميں قراردے رکھا ہے اور انہوں نے شام کے بحران کے بارے ميں اسلامي جمہوريہ ايران کے واضح، شفاف اور اصولي موقف کو بھي بيان کيا ہے ۔
وزارت خارجہ کي ترجمان نے کہا کہ اسلامي جمہوريہ ايران کيميائي ہتھياروں کے استعمال کا مخالف اور علاقے سے عام تباہي پھيلانےوالے ہتھياروں کي نابودي کا حامي ہے۔ انہوں نے کہا کہ ايران اسي طرح اس قسم کے ہتھيار دہشت گردوں کے پاس ہونے پر بھي اپني تشويش ظاہر کرتا ہے ۔ وزارت خارجہ کي ترجمان مرضيہ افخم نے ايران کي پارچين سائٹ کا معائنہ کرنے کي درخواست پر مبني بورڈ آف گورنرز کےاجلاس ميں آئي اے اي اے کے ڈائريکٹر جنرل يوکيا آمانو کے بيانات کے بارے ميں کہا کہ ايٹمي توانائي کي عالمي ايجنسي کے ساتھ اسلامي جمہوريہ ايران کا تعاون تعميري اور شفاف رہا ہے اور ايجنسي نے ايران کي ايٹمي تنصيبات کا جتني بار معائنہ کيا ہے اسکي مثال نہيں ملتي ۔
ايران کي وزارت خارجہ کي ترجمان نے قزقستان ميں شانگھائي تعاون اجلاس ميں شرکت کے لئے صدر ڈاکٹر حسن روحاني کے دورہ بيشکک کے بارے ميں کہا کہ شانگھائي تنظيم ايک اہم علاقائي تنظيم کي حيثيت سے اپنا خاص مقام رکھتي ہے اور ايران اپني اصولي پاليسيوں کے تحت اس قسم کے اجلاسوں اور کانفرنسوں کا خير مقدم کرتا ہے۔ ايران کي وزارت خارجہ کي ترجمان مرضيہ افخم نے وزير خارجہ جواد ظريف کے دورہ عراق کے بارے ميں کہا کہ ايران اور عراق کے تعلقات دوستانہ بردارانہ اور انتہائي خوشگوار ہيں اور علاقے کے مسائل کے تعلق سے دونوں ملکوں کے درميان صلاح و مشورے جاري ہيں انہوں نے کہا کہ علاقے ميں تشدد اور انتہاپسندي دونوں ملکوں کي مشترکہ تشويش ہے۔
..............
/169