ابنا: انھوں نے تہران میں جاپان کے وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی ماساہیکو کومورا سے ملاقات میں کہا کہ ایران نے شام میں بحران کے آغاز سے ہی اعلان کیا ہے کہ اس ملک کا مسئلہ صرف مذاکرات سے حل کیا جا سکتا ہے اور اس کا ماننا ہے کہ مختلف علاقائی و بیرونی ملکوں سے ہتھیاروں اور دہشتگردوں کی ترسیل سے جمہوریت کو ہرگز مستحکم نہیں کیا جاسکتا۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے جاپان کے وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی سے ملاقات میں ایران کے پرامن جوہری مسئلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک کو برسوں کے بعد کم از کم اب یہ سمجھ لینا چاہیئے کہ تہران پوری عالمی برادری پر اپنے پرامن جوہری پروگرام کی شفافیت و صداقت ثابت کرچکا ہے اور اب مغرب کی باری ہے کہ وہ اپنی صداقت کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ملت ایران کو دھونس دھمکیوں سے مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔
اس موقع پر جاپان کے وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی ماساہیکو کومورا نے ایران کو علاقے کا ایک اہم ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران اور ٹوکیو کے دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ایران- جاپان کے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر بہت زیادہ تاکید کی ہے۔
.....
/169