5 ستمبر 2013 - 19:30
علاقے کی مشکلات ہمسایہ ممالک کے تعاون سے قابل حل: ڈاکٹر لاریجانی

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ علاقے کے مسائل اور مشکلات صرف ہمسایہ ممالک کے تعاون سے حل ہوسکتے ہیں۔

ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ علاقے کے مسائل اور مشکلات صرف ہمسایہ ممالک کے تعاون سے حل ہوسکتے ہیں۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے آج ترکمنستان کے دارالحکومت عشق آباد میں قزاقستان کی سینیٹ کے سربراہ غیرت مامی سے ملاقات میں علاقے کے مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کو انتہا پسندی، دہشتگردی اور منشیات جیسی مشکلات کا سامنا ہے اور ان مسائل کو ہمسایہ ممالک کے تعاون سے حل کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹرعلی لاریجانی نے شام کے بحران کو شام کے خلاف حملوں کی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت شام میں دس ہزار انتہا پسند دہشتگرد سرگرم عمل ہیں اور اگر یہی صورتحال رہی تو علاقے کے حالات کنٹرول سے نکل جائيں گے۔ ڈاکٹر لاریجانی نے گذشتہ اپریل میں ایٹمی مذاکرات کی میزبانی کرنے پر قزاقستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گرچہ مغربی ممالک ایران کے ایٹمی معاملے کےتعلق سے مذموم اھداف رکھتے ہیں لیکن ایران مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے کوشش کرے گا۔ غیرت مامی نے بھی جو ڈاکٹر لاریجانی کے دورہ ترکمنستان کے موقع پر عشق آباد پہنچے ہیں کہاکہ قزاقستان کےصدر نورسلطان نظربایف کا صدر حسن روحانی کی تقریب حلف بردار میں شرکت کرنا ظاہر کرتا ہے کہ ایران، قزاقستان کے اہم حلیفوں میں سے ہے۔ انہوں نے ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آلماتی دوبارہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مذاکرات کی میزبانی کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے شام کےخلاف امریکہ کے جارحانہ عزائم کی مذمت کی۔ واضح رہے ڈاکٹر لاریجانی ترکمنستان کے چار روزہ دورے پر آج عشق آباد گئےہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲