ابنا: شیعہ علماء کونسل پاکستان نے سانحہ پارا چنار پر تین روزە سوگ کا اعلان کرتے ہوئے واقعے کو حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے۔ شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے ایک بیان میں سانحہ پارا چنار پر تین روزە سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے میں موجودە حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہیں اور اپنی نااہلی کو چھپانے کئلیے وە عوام سے مسلسل جھوٹ بول رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا اولین فرض عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے اور اگر وە اپنا یہ بنیادی فرض ادا نہیں کر رہی ہے تو پھر اسکو حکومت کا کوئی حق حاصل نہیں۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی نے جہاں عوام کو عدم تحفظ کا شکار بنا دیا ہے وہیں دہشت گردی کے واقعات نے ملک و قوم کو اقوام عالم بدنام کرکے رکھ دیا اور پاکستان کا شمار دہشت زدە ممالک کی صف میں ہونے لگا ہے جو افسوسناک ہی نہیں موجودە حکومت کیلئے باعث ندامت بھی ہے۔ علامہ عارف حسین واحدی نے پارە چنار میں افطاری کے وقت روزہ دار مسلمانوں پر خودکش حملوں کو دہشت گردی کی بدترین کارروائی قرار دیتے ہوئے مظلوم عوام کے قاتلوں کو فوراً بے نقاب کرنے اور عبرتناک سزا دینے کے لیے دہشتگردوں کے خلاف ٹارگٹڈ بے رحم آپریشن کا مطالبہ کیا بصورت دیگر حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا بھی عزم ظاہر کیا، جبکہ علامہ عارف واحدی نے شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے پوری قوم کو ان کے غم میں برابر کا شریک بھی قرار دیا۔
.......
/169