23 جولائی 2013 - 19:30
علامہ سید ساجد نقوی سے لاہور میں مختلف وفود کی ملاقاتیں، ملی امور پر تبادلہ خیال

اسلامی تحریک پنجاب کے دفتر مسلم ٹاون موڑ لاہور میں علامہ ساجد علی نقوی نے علماء کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ محراب و منبر سے اتحاد و اتفاق اور امت مسلمہ کی وحدت کا پیغام دیں، اختلافی مسائل سے گریز کریں۔

ابنا: علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے دو روزہ دورہ لاہور میں مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں اور انہیں قومی معاملات پر اعتماد میں لیا۔ ان ملاقاتوں میں اسلامی تحریک پنجاب کے صدر علامہ مظہر عباس علوی، جنرل سیکرٹری مولانا عظمت علی، سینئیر نائب صدر علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، نائب صدر سردار کاظم علی حیدری، ضلع لاہور کے صدر مولانا شمس عباس نقوی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

علامہ ساجد علی نقوی کی لاہور آمد پر علماء کرام و آئمہ جمعہ و جماعت کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ جس میں ان سے شیعہ علماء کونسل اور اسلامی تحریک کے ملی کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علماء کرام نے تبلیغی کام کو تیز کرنے کی تجویز دیتے ہوئے تنظیموں کی فعالیت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ علام ساجد علی نقوی نے علماء کرام سے کہا کہ وہ محراب و منبر سے اتحاد و اتفاق اور امت مسلمہ کی وحدت کا پیغام دیں۔ اختلافی مسائل سے گریز کریں۔

جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویژن کے عہدیداروں نے ڈویژنل صدر علی محسن چوہدری کی قیادت میں علامہ ساجد علی نقوی سے ملاقات کی اور انہیں جے ایس او کی تنظیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور ان سے رہنمائی لی۔ جعفریہ یوتھ لاہور کے صدر عامر علی بھٹی کی قیادت میں یوتھ کے کارکنوں نے بھی قائد اسلامی تحریک سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علامہ ساجد علی نقوی کو یوتھ کی تنظیم سازی اور نوجوانوں کے تربیتی پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اسلامی تحریک کے سربراہ سے شعبہ خواتین، بانیان مجالس اور عزادار انجمنوں کے وفود نے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں اسلامی تحریک کی پالیسیوں کی وضاحت کی اور صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیئے۔
علامہ ساجد علی نقوی نے قلندر پورہ لاہور میں مسجد و امام بارگاہ ایوان اہل بیت (ع) کا افتتاح کیا اور بعدازاں تحریک جعفریہ پاکستان کے سینئیر رہنما ماجد کاظمی ایڈووکیٹ کے گھر پر افطار ڈنر میں شرکت کی۔ دوسرے دن انہوں نے وفاقی کالونی کی علی مسجد میں افطار پارٹی میں بھی شرکت کی۔

.......

/169