15 جولائی 2013 - 19:30
ایران کے ساتھ گفتگو کےلئے مغربی اور یورپی ملکوں کی آمادگی

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان نے ایران کے ساتھ مفاہمت اور گفتگو کےلئے بہت سے مغربی اور یورپی ملکوں کی آمادگی کو ایک پسندیدہ امر قرار دیا ہے ۔

ابنا: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس عراقچی نے آج ملکی اور غیر ملکی نامہ نگاروں کے ساتھ پریس بریفنگ ميں آئندہ دنوں ميں ایران کی نئی حکومت کے کام کا آغاز کرنے اور بعض ملکوں منجملہ برطانیہ اور امریکہ کی جانب سے تہران کے ساتھ مذاکرات کی آمادگی کے بارے میں کہاکہ اسلامی جمہوریۂ ایران بعض ممالک کے علاوہ تمام ملکوں کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہے ۔  عراقچی نے تہران، وا شنگٹن مذاکرات کے بارے میں کہا کہ اسلامی جمہوریۂ ایران، امریکہ کے عملی اقدامات اور پالیسیوں میں ٹھوس تبدیلی کا منتظر ہے ۔   ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ جک اسٹراؤ کی جانب سے تہران کا دورہ کرنے ميں ان کی دلچسپی اور دونوں ملکوں ميں سفارتخانے کھولے جانے کے اظہار خیال کے بارے ميں  کہا کہ تہران کے ساتھ یورپی یونین کے تعلقات میں موجودہ کشیدگي کاخاتمہ اور اعتماد کی بحالی، ایران کی مجموعی پالیسی ہے جو حکومت برطانیہ کے بھی شامل حال ہوتی ہے۔  ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام کے بحران اور ماہ مبارک رمضان ميں اس ملک میں جنگ بندی کےبارے میں کہاکہ شام کے مخالفین نے جنگ بندی کی اپیل کی ہے اور اگرچہ یہ کام ایک پسندیدہ امر ہے لیکن اسلامی جمہوریۂ ایران  جنگ کے تمام فریقوں سے مکمل جنگ بندی اور مذاکرات کی اپیل کرتا ہے ۔  عراقچی نے صہیونی ریاست کے وزیر اعظم بنیامین نتنیاھو کے ایران کے منتخب صدر کے خلاف ديئے گئے بیان کے بارے میں کہاکہ اسلامی جمہوریۂ ایران میں منعقد ہونے والے صاف و شفاف انتخابات کے سبب نتن یاہو کی بوکھلاہٹ بجا ہے ۔  ...../169