ابنا: تہران میں شام کے سفیر عدنان محمود نے مہرخبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخوان المسلمین گروہ امریکہ اور اسرائیل کا حامی اور دوست گروہ ہے۔اخوان المسلمین القاعدہ کی طرح ایک دہشت گرد گروہ ہے جسے امریکہ اور بعض عرب ممالک کی حمایت حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ شام میں القاعدہ دہشت گرد گروہ ہولناک جرائم کا ارتکاب کررہا ہے جسے اخوان المسلمین کی حمایت حاصل ہے۔
تہران میں شامی سفیر نے کہا کہ شامی عوام اور حکومت کے خلاف مغربی اور بعض عربی ممالک کا گمراہ کن پروپیگنڈہ جاری ہے لیکن اس کے باوجود شامی عوام اور فوج نے ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا عزم کررکھا ہے۔ شامی سفیر نے کہا کہ شامی عوام اور فوج نے شام کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں پر کاری ضرب وارد کرتے ہوئے ان کی کمر توڑ دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب شام مخالف دہشت گرد گروہ آپس میں لڑ رہے ہیں اور یہ ان کے باطل ہونے کی واضح دلیل ہے۔
شامی سفیر نے کہا کہ امریکہ بعض عرب ممالک کے ساتھ ملکر شام کو اسرائیل کے مقابلے میں کمزور کرنے کی سازش پر عمل پیرا ہے۔ لیکن امریکہ اور اس کے حامیوں کو شام میں شکست و ناکامی کا سامنا کرنا پڑےگا۔
.......
/169