14 جون 2013 - 19:30
ایران میں ووٹنگ کا ٹرن آوٹ عالمی معیارات سے کہیں زیادہ

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ میں الیکشن کمیشن کے سربراہ نےکہا ہےکہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور صحیح صحیح نتائج عوام کے سامنے پیش کئے جائيں گے۔

ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ میں الیکشن کمیشن کے سربراہ نےکہا ہےکہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور صحیح صحیح نتائج عوام کے سامنے پیش کئے جائيں گے۔ صولت مرتضوی  نے کہاکہ گنتی تیزی سے جاری ہےتاہم صحیح گنتی کو تیز گنتی پر قربان نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ ووٹوں کی گنتی میں تاخیر ہوئي ہے۔ درایں اثنا اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ عوام نے گيارھویں صدارتی انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے دشمنوں کی سازشیں ناکام بنادی ہیں۔ علاء الدین بروجردی نے آج کہا کہ ملت ایران نے گيارھويں صدارتی انتخابات میں بھر پور شرکت کرکے ثابت کردیا کہ عوام کی حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کی پائداری و استحکام کا راز ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایران میں عوام کا ٹرن آوٹ عالمی معیارات سے کہیں زیادہ ہے۔  علاالدین بروجردی نے کہا کہ چودہ جون کے انتخابات سے صاف معلوم ہوگيا کہ عوام کو انتخابات میں شرکت سے روکنے کی امریکی، صیہونی اور برطانوی سازشیں بری طرح ناکام ہوئي ہیں۔ واضح رہے اسلامی جمہوریہ ایران میں گذشتہ روز چودہ جون کو گيارھويں صدارتی اور شہری و دیہی کونسلوں کے انتخابات میں ووٹنگ ہوئی تھی۔ گذشتہ روز کے انتخابات میں اسی فیصد سے زائد ٹرن آوٹ رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲