11 جون 2013 - 19:30
خضدار،مسلح افراد نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے دو کارکنوں کو قتل کردیا

خضدار میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے بلوچستان نیشنل پارٹی کے 2کارکنوں کو ہلاک کردیا۔

ابنا: تفصیلات کے مطابق منگل کو خضدار کے علاقے ارباب کمپلیکس کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما و زمیندارایکشن کمیٹی کے سرگرم کارکن حاجی علی اکبر موسیانی کو ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے جبکہ اسکے تھوڑی دیر بعد دوسرے واقعہ میں بھی نامعلوم افراد نے سلطان ابراہیم روڈ پر فائرنگ کرکے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سابق تحصیل صدر جاوید بارانزئی مینگل کو ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔  پولیس نے نعشیں قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچاکرضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی اور الگ الگ مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ۔دریں اثناء بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نواب امان اللہ خان زہری ، سردار نصیر موسیانی ، عبدالروف مینگل ،سابق رکن صوبائی اسمبلی میر اکبر مینگل ، اکبر غلامانی اور ضلعی صدراسلم گرگناڑی نے پارٹی رہنماوں کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کے خلاف 3روزہ سوگ اور بدھ کو خضدار میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاجی علی اکبر موسیانی اور جاوید بارانزئی مینگل کا قتل بلوچ نسل کش پالیسیوں کا تسلسل ہے اور یہ دہشت گردوں کا وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک کو تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کسی بھی طرح مرعوب نہیں ہوگی اور بلوچستان کے ساحل و وسائل اور عوام کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پرگرفتارکرکے سخت سے سخت سزادی جائے۔...../169