21 مئی 2013 - 19:30
بھارت افغانستان کا دوست ہے، افغان صدر کی بھارتی ہم منصب اور وزیراعظم سے ملاقاتیں

صدر کرزئی کے ترجمان ایمل فیضی کا کہنا ہے کہ صدر نے افغانستان کی سکیورٹی، فوجی اداروں اور سویلین ایجنسیوں کی مضبوطی، پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر پیش آنیوالے حالیہ واقعات پر بھارتی رہنماؤں سے بات کی۔

ابنا: افغان صدر حامد کرزئی نے نئی دہلی میں بھارتی ہم منصب اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں ہتھیاروں کے سمجھوتے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغان صدر تین روزہ سرکاری دورے پر نئی دہلی پہنچے، جہاں انھوں نے بھارتی صدر پرناب مکھرجی اور وزیراعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کی۔ صدر کرزئی کے ترجمان کے مطابق افغان صدر نے بھارتی رہنماوں سے ہتھیاروں کی فراہمی کے سمجھوتے پر بات چیت کی ہے۔ امریکی اور نیٹو افواج کے 2014ء میں خطے سے جانے کے بعد افغان فوج کوسکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھالنی ہیں، جس کے لیے 2011ء کے اسٹریٹجک معاہدے کے تحت بھارت افغان فوجیوں کی محدود پیمانے پر تربیت کر رہا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق افغان صدر حامد کرزئی آئندہ برس بیرونی افواج کے انخلاء کے بعد کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بھارت سے فوجی امداد کے لیے دہلی کے دورے پر ہیں۔ صدر کرزئی کے ترجمان ایمل فیضی کا کہنا ہے کہ صدر کرزئی نے افغانستان کی سکیورٹی، فوجی اداروں اور سویلین ایجنسیوں کی مضبوطی، پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر پیش آنے والے حالیہ واقعات پر بھارتی رہنماؤں سے بات کی۔ منگل کو بھارت کے صوبہ پنجاب کی یونیورسٹی میں حامد کرزئی کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا گيا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کا ایک دوست ہے، جس نے ملک کے نوجوانوں کی بہتری کے لیے اہم رول ادا کیا ہے۔

.....

/169