18 مئی 2013 - 19:30
ایم ڈبلیو ایم مظلومین کی آواز بلند کرتی رہے گی، ناصر عباس شیرازی

لاہور میں پنجاب کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اُمیدواران سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری سیاسیات کا کہنا تھا کہ ہم نے چند ماہ کی محنت سے وہ نتائج حاصل کئے ہیں جو کئی سالوں میں حاصل نہیں ہوسکتے۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ہم نے میدان میں حاضر رہ کر کوشش کی ہے جو ہماری ذمہ داری تھی۔ ہمیں اس سے غرض نہیں کہ ہمیں صرف ایک سیٹ ہی ملی ہے، لیکن آج ہم مطمئن ہیں کہ ہم نے قوم کو ایک نئی راہ کی طرف گامزن کیا ہے۔ وہ قوم جس نے غلامی کے علاوہ کچھ سوچا ہی نہ تھا، آج وہ قدرت مند ہوچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے لاہور میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اُمیدواران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ناصر عباس شیرازی کا مزید کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلومین کی آواز بلند کرتی رہے گی، چاہے اس کے لیے بڑی سے بڑی قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑے، اور ہر ظالم کے خلاف میدان عمل میں برسرپیکار رہیں گے، چاہے وہ وقت کا فرعون ہی کیوں نہ ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے سیاسی شعبے نے چند ماہ کی محنت سے پورے پاکستان میں ایسی فضا ہموار کردی کہ تکفیریوں کو عبرتناک شکست ہوئی۔ ہماری چند ماہ کی محنت نے وہ نتائج حاصل کیے ہیں جو کئی سالوں میں بھی حاصل نہیں ہوسکتے۔ انشاءاللہ یہ بیداری کا سلسلہ جاری رہے گا اور آئندہ بلدیاتی و ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا۔

.....

/169