ابنا: راولپنڈی میں یوم شہداء کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کہنا تھا کہ 11 مئی کا دن پاکستان کے لئے ایک سنہری موقع ہے جس سے ملک میں ایک نئے دور کا آغاز ہو سکتا ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انتخابات 11مئی کو ہی ہوں گے، مسائل کے حل کیلیے قومی سوچ کا ادراک بھی ضروری ہے، الیکشن مسائل کا حل نہیں بلکہ حل کی جانب ایک اہم قدم ہے، پانچ سال جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کی اپنی سی کوشش کی،ہم سب کو اپنی انتخابی ذمے داریوں سے کوتاہی نہیں برتنی چاہیے۔ جمہوریت کی کامیابی عوام کی خوشحالی سے منسلک ہے۔ اگر ہم اپنے لسانی، سماجی اور فرقہ وارانہ تعصب سے بالاتر ہو کر صرف اہلیت اور ایمانداری کی بنیاد پر اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں تو ملک میں کسی کو آمریت کو خوف نہیں ہو گا۔ یہ وہ واحد راستہ ہے جس میں ہمارے تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ مگر یہ صرف اس وقت ممکن ہے جب عوامی مسائل پر توجہ مبذول کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج اپنی تمام تر بساط اور صلاحیت کے مطابق آئینی حدود میں رہتے ہوئے انتخابات کے پرامن انعقاد میں بھرپور معاونت کرے گی۔ پاک فوج کی یہ معاونت پاکستان میں جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے ہو گی۔ پاک فوج نے بھی 5 سال ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنانے کی کوشش کی۔ اب جبکہ منزل قریب ہے تو ہم سب کو اپنی ذمہ داریوں سے کوتاہی نہیں برتنی چاہیے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دشمن کو شکست فاش دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ آزادی کو قائم رکھنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا ناسور اب تک ہزاروں پاکستانیوں کی جان لے چکا ہے۔ ہمارے بیرونی دشمن اس آگ کو مزید بھڑکانے میں مصروف ہیں۔ پاکستان میں جاری اس خونریزی کے باوجود کچھ حلقے اس بحث میں مصروف ہیں کہ یہ جنگ کیوں شروع کی گئی؟۔ اگر ایک گروہ اپنے غلط نظریات ہم پر مسلط کرنا چاہے اور انسانی جانیں لینے سے بھی دریغ نہ کرے تو اس کا قلع قمع کرنا ہمارا فرض ہے۔ دہشتگردی کی جنگ کو صرف فوج کی جنگ سمجھنا انتشار پھیلانے کے مترادف ہے۔ دہشتگردی کی جنگ کے مقاصد پر اب بحث نہیں ہونی چاہیئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲
30 اپریل 2013 - 19:30
News ID: 414795
راولپنڈی میں یوم شہداء کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کہنا تھا کہ 11 مئی کا دن پاکستان کے لئے ایک سنہری موقع ہے