24 اپریل 2013 - 19:30
امت مسلمہ کی طالبات اہلبیت اطہار ع کی زندگی کو اپنے لئے نمونہ بنائیں

محترمہ فاطمہ حسینی نے کہا کہ امت مسلمہ کی تمام طالبات کو چاہئے کہ وہ اہلبیت علیھم السلام کی زندگی کو اپنے لئے نمونہ بناکر خود کو پوری طرح اس پاکیزہ نظام کے سانچے میں ڈھالیں۔ جس سے وہ دنیا میں بھی کامیابی سے ہمکنار ہونگی اور انکی آخرت بھی سنور جائے گی۔

ابنا:  امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات پاکستان کی مرکزی صدر خواہر فاطمہ حسینی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئی آیس او طالبات نے مسلمانوں خاص طور پر اہل بیت عصمت و طہارت (ع) کے پیروکاروں میں فکری یکجہتی اور اتحاد کو فروغ دینا وقت کی ایک اہم ضرورت قرار دیکر اس راہ میں قدم اٹھایا ہے اور عملا اس مقصد کے لئے کام کا آغاز کردیا ہے تاکہ دنیائے بشریت، جو قرآن و عترت کے پاکیزہ معارف کی پیاسی ہے، زیادہ سے زیادہ اسلام کے اس مکتب عرفان و ولایت سے سیراب ہوسکے۔

محترمہ فاطمہ حسینی نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اگر اہل بیت عصمت و طہارت (علیھم السلام) کی عقل اور منطق پر استوار ثقافت کو عام کیا جائے، اور اگر اہلبیت علیھم السلام کی میراث اپنے صحیح خد و خال کے ساتھ دنیا تک پہنچادی جائے تو امن اور انسانیت کے دشمن اور سامراجی خونخواروں کی نام نہاد تہذیب و ثقافت اور عصر حاضر کی ترقی یافتہ جہالت سے تھکی ماندی آدمیت کو امن و نجات کی دعوتوں کے ذریعہ امام عصر (عج) کی عالمی حکومت کے استقبال کے لئے تیار کیا جاسکتا ہے۔

محترمہ حسینی نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کی تمام طالبات کو چاہئے کہ وہ اہلبیت علیھم السلام کی زندگی کو اپنے لئے نمونہ بناکر خود کو پوری طرح اس پاکیزہ نظام کے سانچے میں ڈھالیں۔ جس سے وہ دنیا میں بھی کامیابی سے ہمکنار ہونگی اور انکی آخرت بھی سنور جائے گی۔

.......

/169