ابنا: کوئٹہ میں خود کش حملے سمیت 4 دھماکوں میں 6 افراد جاں بحق اور40 زخمی ہوگئے، دھماکوں کے بعد شہر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ کوئٹہ میں یکے بعد دیگرے تین دھماکے ہوئے۔ پہلا دھماکا شام 7 بجے جناح ٹاوٴن کے قریب کلی شابو میں ایک میدان میں ہوا جس میں کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا۔ دوسرا دھماکا گوال منڈی چوک کے قریب ہواجس میں 5 افرادزخمی ہوئے جبکہ تیسرا دھماکا گوردت سنگھ روڈ پر اسکول کے قریب ہواجس میں 1 نوجوان زخمی ہوا۔ ابھی شہر دھماکوں کی گونج سے سنبھلا بھی نہ تھا کہ 9 بجکر 8 منٹ پر نیچاری کے علاقے میں چوتھا دھماکا ہوا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ایف سی اہلکاروں کے روکنے پر خودکش حملہ آور نے اپنی گاڑی کو دھماکے سے اڑادیا، جس سے چھ افراد جاں بحق جبکہ 37 زخمی ہوگئے، دھماکا اتنا زوردار تھا کہ پورا شہر لرز اٹھا، دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں اور دو مساجد کے علاوہ کئی گاڑیوں کوبھی شدید نقصان پہنچا، جبکہ دھماکے کے مقام پر سات فٹ چوڑا اور ڈیڑھ فٹ گہرا گڑھا پڑگیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق حملے کے لیے اسّی سے سو کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیاگیا،دوسری جانب سی سی پی او کوئٹہ میر زبیر محمود کا کہناہے کہ دھماکے میں منی ٹرک استعمال کیا گیا تھا۔ گورنر بلوچستان، نگراں وزیراعلیٰ، پشتون خواملی عوامی پارٹی ، بلوچستان شیعہ کانفرنس اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے ان دھماکوں کی مذمت کی ہے۔
.....
/169