18 اپریل 2013 - 19:30
یوم مسلح افواج ،ایران میں ایک یادگار دن: ڈاکٹر احمدی نژاد

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے ملک کی مسلح افواج کو ملت ایران کی طاقت کا مظہر قرار دیا ہے ۔

ابنا: صدرمملکت ڈاکٹر احمدی نژاد نے آج دارالحکومت تہران میں 29 فروردین کے موقع پر یوم مسلح افواج کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی افواج کو اس دن کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم مسلح افواج ،ایران میں ایک یادگار دن ہے۔انہوں نے ایرانی فوج کو دنیا کے مستقل ممالک کی افواج کےلئے روشن نمونہ قرار دیتے ہوئے تاکید کی کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ )نے اسلامی جمہوریہ ایران کی نئی فوج کی بنیاد ڈالی۔
صدرمملکت ڈاکٹر احمدی نژاد نے واضح کیا کہ ایک قوم کو اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع اور ترقی وپیشرفت جاری رکھنے کی خاطر طاقت کی ضرورت ہے اور حقیقی طاقت ، قوم کی اندرونی صلاحیتوں پر منحصر ہے اور دوسروں سے حاصل ہونیوالی طاقت ،ہرگز ایک قوم کی موجودیت کا دفاع نہیں کرسکتی۔ انہوں نے خداوند متعال پر ایمان کو قومی اقتدار کا سرچشمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ خداوند متعال پر ایمان لاتے ہیں صرف اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور اللہ کےلئے جدوجہد کرتے ہیں۔
صدر احمدی نژاد نے اپنی قوم پر اتکاء کو طاقت کا ایک اور عامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر قومی طاقت سے الہی راستے میں فائدہ اٹھایا جائے کوئی بھی دشمن اس قوم کو شکست نہیں دے سکتا۔
صدر مملکت ڈاکٹر احمدی نژاد نے کہا کہ دوسری اقوام عالم کےلئے ایرانی فوج اور قوم کا پیغام ،اپنی قومی صلاحیتوں پر انحصار کرنا اور انصاف پسندی ،ایک دوسرے کے احترام اور محبت ودوستی پر مبنی ماحول میں بین الاقوامی سطح پر حقیقی امن وصلح کی طرف گامزن ہونا ہے ۔
ڈاکٹر احمدی نژاد نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ علاقے میں امن کی پاسداری کی ہے کہا کہ جب سے غیرملکی افواج علاقے میں داخل ہوئی ہیں بدامنی کا آغاز ہوا ہے اور بدامنی کا اصل سبب ،علاقے میں بیرونی عناصر کی موجودگی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲