12 اپریل 2013 - 19:30
بلوچستان آج ایک آتش فشاں بن چکا ہے اس آگ کو آخر کون ٹھنڈا کرنے میدان میں اترے گا

کوئٹہ – جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اگر بلوچستان کے سلگتے مسائل کو ہفتہ کے اندرسلجھانے کی مخلصانہ کوششوں کا آغاز نہیں کیا جاتا تو پھر موجودہ حکمران نہ کڑک کے رہیں گے اور نہ ’’صافی ‘‘ کے اس ضرب المثل کو سبی کے باسی بہتر جانتے ہیں وہ جمعہ کو جامعہ مطلع العلوم میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

ابنا: انہوں نے کہا کہ ماضی کے پانچ سال کے حکمرانوں نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ جو’’گلی ڈنڈا‘‘ کھیلا اور معافی مانگنے والے صدر نے معافی کے بعد جو ناقابل تلافی جرائم کئے یہ صدر زرداری کے ماتھے پر وہ ‘‘کلنگ‘‘ کا نشان ہے جو بڑھ تو سکتا ہے مگر ہٹ نہیں سکتا لیکن اب تبدیلی لانے کیلئے ’’نگران ٹولہ‘‘ نے بھی تبدیلی کیلئے پرامن ماحول کی فراہمی کی ضرور ت محسوس نہیں کی اور ان کا آئینی وقت برف کی طرح پگھل رہا ہے اگر یہی حال رہا تو خاکم بدھن کوئی اور سانحہ رونما ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جنرل پرویز مشرف بلٹ پروف جیکٹ پہن کر اور بم پروف گاڑی میں بیٹھ کر عدالت میں پہنچ رہا ہے لیکن اس کے کئے دھرے کی وجہ سے بلوچستان آج ایک آتش فشاں بن چکا ہے اس آگ کو آخر کون ٹھنڈا کرنے میدان میں اترے گا انتخابی میدان کے سجنے سے پہلے آگ ٹھنڈا کرنے والے میدان کو اولیت دینی ہوگی ۔حافظ حسین احمد نے کہا کہ ’’لولی پاپ‘‘ اور’’لیپاپوتی‘‘ کرنے والے رہنما جلد پچھتائیں گے مگر وقت نکل چکا ہوگا۔

.....

/169