9 اپریل 2013 - 19:30
طالبان پوری ملت اسلامیہ کیلئے خطرہ ہیں: اعجاز قادری

کالعدم تنظیموں کا الیکشن میں حصہ لینا اور ان کے کاغذات نامزدگی منظور ہونا قانون کے ساتھ مذاق ہے، ملک میں کالعدم جماعتوں کے نام بدل بدل کر کام کرنے پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ ناموس رسالت کا تحفظ کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے: اعجاز قادری

ابنا: سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مضبوط و مستحکم پاکستان صرف زبانی دعوؤں سے نہیں عملی کام کرنے سے بنے گا، طالبان پوری ملت اسلامیہ کیلئے خطرہ ہیں، الیکشن میں دہشتگردی کا خطرہ ہے، نگراں حکومت عملی اقدامات کرے تو دہشتگردوں کی کمر توڑی جاسکتی ہے، جمہوریت عوام کو تحفظ اور ان کے حقوق دینے کا نام ہے، جو لوگ جمہوریت کے خلاف بات کر رہے ہیں، وہ عوام کے حقوق غصب کرنیوالے ہیں، پاکستان سنی تحریک ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن تباہ کرنے والے سماج دشمن ہیں، قانون نافذ کرانے والے ادارے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق کاروائی کریں، انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے ہر سطح پر ہر ممکن اقدامات کئے جائیں کیونکہ شفاف انتخابات کے ذریعے آنے والی قیادت سے عوام روشن مستقبل کی توقع رکھتے ہیں، عوام کے حقوق کا حصول اور ملکی ترقی و خوشحالی کا راز شفاف منصفانہ، آزاد انتخابات میں پوشیدہ ہے۔کالعدم تنظیموں کا الیکشن میں حصہ لینا اور ان کے کاغذات نامزدگی منظور ہونا قانون کے ساتھ مذاق ہے، ملک میں کالعدم جماعتوں کے نام بدل بدل کر کام کرنے پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ ناموس رسالت کا تحفظ کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲