30 مارچ 2013 - 19:30

جماعت اسلامی اور پاکستان مسلم لیگ نون کے درمیان صوبہ خیبر پختونخوا کی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے دونوں جماعتوں نے اپنے امیدواروں کی ترجیحی لسٹیں آج ایک دوسرے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،

ابنا: جماعت اسلامی اور پاکستان مسلم لیگ نون کے درمیان صوبہ خیبر پختونخوا کی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے دونوں جماعتوں نے اپنے امیدواروں کی ترجیحی لسٹیں آج ایک دوسرے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، تاکہ دونوں جماعتوں کی اعلٰی قیادت اس کا جائزہ لیکر صوبے کی سطح پر جلد سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کا اعلان کرے۔ اس امر کا فیصلہ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان اور مسلم لیگ نون کے مرکزی سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان، صوبائی نائب امیر مشتاق احمد خان، مسلم لیگ پشاور کے صدر عبدالستار خلیل اور کرنل ریٹائرڈ شیر افگن خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی مہم میں وقت کی کمی کے پیش نظر صوبے کی تمام قومی اور صوبائی نشستوں پر دونوں جماعتوں کی مذاکراتی ٹیموں کے مابین سیٹ ٹو سیٹ جائزے کے بجائے دونوں جماعتیں اپنی ترجیحی لسٹیں ایک دوسرے کے حوالے کریں گی اور دونوں جماعتوں کی مذاکراتی ٹیمیں دو دنوں کے اندر اندر اس کا جائزہ لیکر متنازعہ نشستوں پر مذاکرات کے بعد صوبے کی سطح پر حتمی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اعلان کریں گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/242