ابنا: پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے بدھ کے روز عشق آباد میں منعقدہ نوروز کانفرنس کے موقع پر تاجکستان، ترکمانستان اور افغانستان کے صدور سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کے دوران صدر زرداری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے لیے ٹاپی گیس پائپ لائن منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان یکساں طور پر ٹاپی منصوبے کے جلد آغاز کے خواہاں ہیں۔بدھ کے روز منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں دنیا کے دیگر ممالک کے اہم رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔تاجک صدر امام علی رحمان کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لیے زمینی و فضائی رابطوں کے قیام کا عزم کیا۔اس موقع پر صدرآصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ تاجک ایئر کو بہت جلد ہی دوشنبے، دبئی، اسلام آباد روٹ پر پروازوں کی اجازت دے دی جائے گی۔صدر زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان اور تاجکستان کے درمیان سہ فریقی تجارتی معاہدہ جلد طے پا جائے گا اور اس سے تینوں ملکوں کے عوام یکساں استفادہ کر سکیں گے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک تاجک تجارت ڈیڑھ کروڑ ڈالر سالانہ سے بڑھ کر گزشتہ سال سوا سات کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترجیحی تجارت اور پسندیدہ ترین قوم کا درجہ دینے کے معاہدوں کے ذریعے پاکستان اور تاجکستان کے تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیا کے ملکوں سے تجارت کی پاکستانی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ پاکستان ترکمانستان سے قدرتی گیس کی درآمد کے منصوبے (ٹاپی) پر جلد از جلد عملدرآمد چاہتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/242
20 مارچ 2013 - 20:30
News ID: 401788
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے بدھ کے روز عشق آباد میں منعقدہ نوروز کانفرنس کے موقع پر تاجکستان، ترکمانستان اور افغانستان کے صدور سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔