15 مارچ 2013 - 20:30

ایس یو سی خیبر پختونخوا کے سربراہ نے اپنے ایک بیان میں گیس پائپ لائن منصوبہ پر جلد از جلد کام مکمل کرنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستانی عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ابنا: شیعہ علماء کونسل پاکستان خیبر پختونخوا کے سربراہ علامہ محمد رمضان توقیر نے پاکستان اور ایران کے مابین گیس پائپ لائن کے معاہدے کو عملی جامہ پہنائے جانے پر دونوں اقوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے سے پاک ایران برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ جو عالم اسلام کی یکجہتی اور استقامت کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا۔ شیعہ علماء کونسل کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین ثقافتی، مذہبی اور تجارتی تعلقات تقریباً نصف صدی پر محیط ہیں۔ جس میں گیس پائپ لائن کا منصوبہ مزید تعلقات اور اعتماد کی بحالی کو فروغ دے گا۔ جس کے مثبت نتائج دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر مرتب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سامراجی قوتیں ایک عرصے سے دونوں ممالک کے مابین دوستانہ مراسم کو ختم کرنے کے در پے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سامراجی قوتوں کو اس منصوبے سے زق پہنچی ہے اور پاکستان نے اس منصوبے پر تاخیر سے سہی مگر عمل در آمد کو یقینی بنا کر ثابت کر دیا ہے کہ پاک ایران تعلقات میں کسی بھی طاقت کی رخنہ اندازی کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ کیونکہ دونوں ممالک کے عوام مذہبی اور ثقافتی روابط میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں حکومتیں اپنے عوام کی خواہشات کے مطابق ان برادرانہ تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ انہوں نے گیس پائپ لائن منصوبہ پر جلد از جلد کام مکمل کرنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستانی عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

.....

/169