11 مارچ 2013 - 20:30

صدر زرداری نے کہا کہ دنیا کا امن پاکستان کے امن سے منسلک ہے اور گیس پائپ لائن منصوبہ ہمارے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔

ابنا: پاک ایران سرحد پر گیس پائپ لائن منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں صدر جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کوئی ہمیں ہماری شناخت نہ بتائے۔ ہم اپنے ہمسائے تبدیل نہیں کرسکتے۔ ہماری واحد شناخت پاکستان ہے، اس پر کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیے۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ ہم کسی کے خلاف نہیں، بلکہ سب کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرے ملکوں کی مدد سے ہم نے اپنے پائوں پر کھڑا ہونا ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ دنیا کا امن پاکستان کے امن سے منسلک ہے اور گیس پائپ لائن منصوبہ ہمارے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔  اس موقع پر دونوں رہنماوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی اور اس دن کو تاریخی دن قرار دیا۔ پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ اسلامی دنیا کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے اور ان حالات میں پاکستان کا کردار کلیدی ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور ایران مذہب و ثقافت کے رشتے سے جڑے ہوئے ہیں اور ہمیں اپنے استحکام کیلئے ایران سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔  افتتاحی تقریب میں صدر آصف علی زرداری نے اپنے وفد کا ایرانی ہم منصب سے فرداً فرداً تعارف کرایا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین، سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی، وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ، وفاقی وزیر رانا فاروق سعید، وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور وزیر تجارت مخدوم امین فہیم سمیت عرب ممالک کے نمائندے بھی شریک تھے۔ 7.5 ارب ڈالر کی لاگت سے اس منصوبے سے پاکستان کو 75 کروڑ مکعب فٹ یومیہ گیس حاصل ہوگی جبکہ 2 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔ یہ منصوبہ دو سال میں مکمل ہوگا۔ ایرانی کمپنی تدبیر تہران سے پاکستان کے شہر نواب شاہ تک 781 کلومیٹر پائپ لائن بچھائے گی جبکہ ایران نے اپنے ملک میں گیس پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کر لیا ہے۔ ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی شروعات 1994ء میں ہوئی لیکن 2009ء میں بھارت اس منصوبے سے الگ ہوگیا، تاکہ امریکہ کیساتھ سول جوہری معاہدہ کرسکے۔............/242