1 مارچ 2013 - 20:30

کوئٹہ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین، پاکستان کے کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکی ہے۔ جس نے اس ملک کی تقدیر بدلنے کا عہد کیا ہے۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین کے راہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کوئٹہ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ کے وارثان شہداء اور ملک بھر کے شیعیان علی (ع) نے ظلم و بربریت کے خلاف تاریخی دہرنا دے کر پرامن احتجاج کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔ ملت جعفریہ کوئٹہ کے 22 نکات قیام امن میں بنیادی کردار ادا کریں گے۔ دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاون وہ بنیادی محور ہے، جس سے انحراف کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہم اللہ تعالٰی کی نصرت اور عوام کی طاقت سے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین، پاکستان کے کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکی ہے۔ جس نے اس ملک کی تقدیر بدلنے کا عہد کیا ہے۔ ھم نے ملک کے بیس کروڑ عوام کو دہشت گردی کے خلاف ایک نکاتی ایجنڈا پر متحد ہونے کی دعوت دی ہے۔ دہشت گرد اسلام اور انسانیت کا دشمن ہے۔ ہم دہشت گردوں کے خلاف امن واک اور امن کانفرنسز میں ملک کی سیاسی مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی کو شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین دہشت گردی سے پاک پاکستان چاہتی ہے۔ ہم امن پسند قوتوں کو متحد دیکھنا چاہتے ہے۔ اس سلسلے میں ہم قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے آمادہ ہیں۔

.......

/169