26 جنوری 2013 - 20:30

راولپنڈی میں طلال اکبربگٹی سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ کا کہنا تھا کہ گورنر راج کا نفاذ موجودہ حکومت کی نااہلی ہے۔

ابنا: جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبر بگٹی نے وفد کے ہمراہ جنرل حمید گل سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ جنرل حمید گل نے بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر بلوچستان میں بدامنی کو فروغ دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جس میں امریکہ، اسرائیل اور بھارت ملوث ہیں جن کی نظریں قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ بلوچستان پر ہیں لیکن بلوچستان کے غیور عوام انہیں اس سازش میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ جنرل حمید گل نے حالیہ گورنر راج کے نفاذ کو موجودہ حکومت کی نااہلی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عملی طور پر نااہل ثابت ہو چکی ہے۔ انہوں نے طلال اکبر بگٹی کو یقین دلایا کہ وہ بلوچوں کے حقوق کی آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان کے مسئلے پر سنجیدہ نہیں ہے۔ طلال اکبر بگٹی نے جنرل حمید گل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ بھی اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنا کوئی اور ہے۔ ہم بلوچ عوام کے ساتھ مزید کوئی ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقع پر تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ گل بھی موجود تھے۔ عبداللہ گل نے دوران گفتگو بلوچ عوام کے دکھ درد میں ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک جوانان پاکستان ملک میں نوجوانوں کو فعال کرکے وطن عزیز کے دفاع میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر کشمیر لبریشن فرنٹ (حقیقی) کے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر عرفان اشرف، مبین غزنوی اور دیگر بھی موجود تھے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔/110