ابنا: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہزارہ کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کیلیے کوئٹہ پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بے گناہ افراد کا قتل قابل مذمت ہے اور وہ متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کوئٹہ جائیں گے اور وہاں احتجاج میں شرکت کریں گے۔ عمران خان نے یہ بات گورنر ہاوس لاہور کے سامنے سانحہ کوئٹہ کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کے دھرنے میں کہی تھی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے وزیراعلٰی کو فوری برطرف کیا جائے، بیگناہ افراد کو مارنا قابل مذمت ہے۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی رہنماء ناہید خان نے کہا کہ حکومت سانحہ کوئٹہ کے متاثرین کے مطالبات پر غور کرے، تاکہ لوگ اپنے پیاروں کو احترام کے ساتھ سپرد خاک کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام روادری کا درس دیتا ہے، بیگناہ لوگوں کے ساتھ ظلم وستم کیوں روا رکھا جا رہا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی نااہل حکومت فوری طور پر مستعفی ہو جائے۔ انھوں نے کہا کہ قتل عام کرنے والے مسلمان کہلانے کے حقدار نہیں ہیں۔ ہم کوئٹہ کے مظلوموں کے ساتھ ہیں، اس ظلم پر ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کوئٹہ میں دھرنے میں شریک ہوکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ لوگ کوئٹہ چھوڑنے پر مجبور ہیں، فوری طور پر گورنر راج نافذ کیا جائے، امن وامان کے قیام کے لیے فوج کی ضرورت پڑے تو ضرور تعینات کی جانی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت پیسے بنانے میں لگی ہوئی ہے۔ غیر جانبدار پولیس ہو تو 90 دن میں دہشت گردی ختم ہوسکتی ہے۔ انتخابات کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے دھاندلی نہ روکی تو تباہی مچ جائے گی۔
.......
/169