ابنا: اسلامی تحریک پاکستان خیبر پختونخوا کے سربراہ اور سابق مشیر وزیر اعلٰی علامہ محمد رمضان توقیر نے پشاور کے علاقے ڈھکی نعلبندی میں سینئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور سمیت 9 افراد کی شہادت پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحہ کو قومی نقصان قرار دے دیا ہے، اسلامی تحریک کے صوبائی سیکرٹریٹ پشاور سے جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بشیر احمد بلور ایک مخلص پاکستانی اور دہشتگرد مخالف انسان تھے اور انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جس طریقے سے آواز بلند کی تھی اس کا حق تھا کہ انہیں عزت کی موت نصیب ہو اور انہوں نے اپنا حق ادا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ بلور خاندان کے لئے تو صدمہ ہے ہی، تاہم پوری قوم کا بھی نقصان ہے اور یہ ہمارے لئے بہت بڑا لمحہ فکر ہے کہ ہم دہشتگردوں کے حوالے سے بحیثیت قوم کیا کردار ادا کرنے کے پابند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بشیر احمد بلور اتحاد بین المسلمین کے بہت بڑے حامی اور محب اہل بیت (ع) تھے، انہوں نے دہشتگردی کے خلاف بہت جدوجہد کی۔ ان کی شہادت کے بعد حکومت کو دہشتگردی کے خلاف اب وہ فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا، جو ابھی تک ادا نہیں کیا گیا۔ ہم خودکش حملوں اور دہشتگردی کے حوالے سے کب تک مصلحتوں کا شکار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو بھی انہی دہشتگردوں کے ہاتھوں قتل ہوئیں اور اب بشیر بلور بھی انہی ظالموں کا نشانہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے اب بھی دہشتگردی کیخلاف سنجیدگی کے ساتھ کوئی قدم نہ اٹھایا تو آج یہ سانحہ دیکھنا پڑا تو کل خدانخواستہ کچھ اور بھی ہوسکتا ہے، یہ دہشتگرد اپنی طاقت کے زور پر پاکستان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، یہ خارجی لوگ ہیں، جو یہ دہشتگردی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام ہمدردیاں بشیر بلور کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ ہم دعا گوں ہیں کہ اللہ تعالٰی ان کے درجات بلند کرے۔
.....
/169