6 دسمبر 2012 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمان کے سربراہ ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ کہ شام علاقائی اور عالمی سازشوں کا شکار ہے اور وہ عرب حکمران شام میں جمہوریت کے حامی بن چکے ہیں جو خود جمہوریت سے نابلد ہیں۔

ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمان کے سربراہ ڈاکٹر لاریجانی نے کہا ہے کہ شام علاقائي اور عالمی سازشوں کا شکار ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے بدھ کی رات قومی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بعض ممالک جنہیں جمہوریت کا کوئي تجربہ نہیں ہے آج شام میں جمہوریت کے حامی بن چکے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہےکہ شام کے خلاف کچھ اور ہی سازشیں کی جارہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مختلف ملکوں کو شام کے بارے میں مختلف تجویزیں دی گئي ہیں لیکن اسلامی جمہوریہ ایران  اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ شام کا بحران قتل و غارت اور بدامنی سے حل نہیں ہوسکتا بلکہ اس ملک میں اصلاحات کو موقع دیا جانا چاہیے۔
مجلس شورائے اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ ایران کو یقین ہے کہ شام میں آئين کی تدوین کی جائے اور پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کرائے جائيں۔
ڈاکٹر لاریجانی نے فلسطین کے بارے میں کہا کہ مغربی ممالک صہیونی ریاست کے حامی ہیں اور بہت سے اسلامی ممالک صرف باتیں کرتے ہیں جبکہ انھوں نے فلسطین کے لئے کچھ نہيں کیا ہے لیکن ایران نے فلسطین کی مدد کی ہے۔
ڈاکٹر لاریجانی نے ایران کے بارے میں امریکہ کے متضاد رویے پرکہا کہ امریکہ پابندیوں کے ساتھ مذاکرات کی بات کرتا ہے؛ امریکہ سمجھ رہا تھا کہ دباؤ بڑھایا جائے تو ایران موثر طور پر اپنا کردار ادا نہیں کر سکے گا لیکن امریکہ کی یہ سوچ بھی غلط ثابت ہوئي اور علاقے میں ایران کا اثر بدستور بڑھتا ہی رہا۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کی قومیں ایران کے افکار اور استقامت و پائداری کے جذبوں پر یقین رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ بامعنی تجویزیں پیش کرنا چاہتا ہے تو پانچ جمع ایک گروپ کے مذاکرات میں پیش کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
/110