25 ستمبر 2012 - 20:30

اقوام متحدہ کي جنرل اسمبلي کے سربراہي اجلاس سے خطاب ميں مختلف ملکوں کے رہنماؤں نے توہين رسالت کي مذمت کرتے ہوئے اس پر پابندي کا مطالبہ کيا ہے جبکہ امريکي صدر نے گستاخانہ فلم کو نفرت انگيز قرار ديا ليکن اس پر پابندي لگانے سے انکار کرديا - اسي کے ساتھ بعض ملکوں کے سربراہوں نے سلامتي کونسل کو غير جمہوري ادارہ قرار ديتے ہوئے اس ميں اصلاح کي ضرورت پر زور ديا ہے-

ابنا: اقوام متحدہ کي جنرل اسمبلي کا سربراہي اجلاس  منگل کو سيکريٹري جنرل بان کي مون کے خطاب سے شروع ہوا -   سيکريٹري جنرل بان کي مون نے اپنے افتتاحي خطاب ميں اجلاس کے ايجنڈے کا اعلان کيا-  انہوں نے اپنے خطاب ميں کہا کہ دنيا کے رہنماؤں کو اپني اقوام کي خواہشات کے مطابق عمل کرنا چاہئے-بان کي مون نے اس بات پر زور ديتے ہوئے کہ دنيا کے تمام ملکوں کے سربراہوں کو اپنے عوام کا ترجمان ہونا چاہئے کہا کہ اسلحے کے پھيلاؤ پر پابندي جنرل اسمبلي کے اجلاس کا بنيادي ايجنڈا ہے - انہوں نے کہا کہ غربت کے خلاف مہم بھي اقوام متحدہ کي ترجيحات ميں شامل ہے -امريکي صدر باراک اوباما نے اپني تقرير ميں غاصب صہیوني ریاست کي بھر پور حمايت کا اعلان کيا اور ايران کو اسرائيل کے لئے خطرہ بتاتے ہوئے ايران کے پر امن ايٹمي پروگرام کي مخالفت کي - انہوں نے کہا کہ وہ پر امن ايٹمي سرگرمي کو ملکوں کا حق سمجھتے ہيں ليکن بقول ان کے ايٹمي ايران خاص طور پر اسرائيل کے لئے خطرناک ہوگا-باراک اوباما نے  اپني تقرير ميں صہیوني ریاست کے ايٹمي اسلحے کا کوئي ذکر نہيں کيا- امريکي صدر باراک اوباما نے اسي طرح گستاخانہ فلم کو نفرت انگيز قرار ديا ليکن يہ دعوا کرتے ہوئے کہ اس پر پابندي اور اس کو نيٹ سے ہٹانا  آزادي اظہار کے منافي ہوگا، اس فلم پر پابندي لگانے سے انکار کرديا -  انڈونيشيا کے صدرسوسيلو بامبانگ يودھو يونو نے جنرل اسمبلي کے اجلاس سے اپنے خطاب ميں امريکي صدر کا جواب ديتے ہوئے کہا کہ يہ گستاخانہ فلم مذہب کي توہين کي ايک اور نماياں مثال ہے - انہوں نے کہا کہ آزادي اظہار مطلق نہيں ہے - انڈونيشيا کے صدر نے کہا کہ انساني حقوق کے عالمي اعلاميے  کے مطابق " اخلاقي اور انساني اقدار کي سب کو پابندي کرني چاہئے اور کسي کو بھي آزادي اظہار کے نام پر انسانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا حق نہيں ديا جاسکتا-پاکستان کے صدر آصف زرداي نے بھي  جنرل اسمبلي کے اجلاس سے خطاب ميں  گستاخانہ فلم کي مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بين الاقوامي برادري کو ايسے اقدامات پر خاموش نہيں رہنا چاہئے جس سے دنيا کا  امن و امان  خطرے ميں پڑجائے - انہوں نے کہا کہ  آزادي اظہار کا غلط استعمال کرکے عالمي سلامتي کو خطرے ميں ڈالنے کي اجازت نہيں ہوني چاہئے -پاکستان کے صدر آصف علي زرداري نے اپنے خطاب ميں دہشتگردي مخالف جنگ اور پاکستان پر اس کے اثرات کي طرف اشارہ کرتے ہوئے  کہا کہ دہشتگردي کے خلاف جنگ ميں سب سے زيادہ نقصان پاکستان کا ہوا ہے - انہوں نے کہا کہ اس جنگ ميں سات ہزار فوجي اور پوليس اہلکار اور سينتيس ہزار عام شہري مارے گئے ہيں - انہوں نے پاکستان کي موجودہ صورتحال کو آمريت کي دين اور ملک  کے اندر دہشتگردي کے فروغ  کو دہشتگردي مخالف جنگ کا نتيجہ بتايا-افغانستان کے صدر حامد کرزئي نے بھي جنرل اسمبلي کے اجلاس سے خطاب ميں گستاخانہ فلم کي مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اسلاموفوبيا پھيلانے کے اقدامات امن عالم اور اقوام کے پر امن بقائے باہم کو خطرے ميں ڈال رہے ہيں -  افغانستان کے صدرحامد کرزئي نےمزيد  کہا کہ دہشتگردي کي جڑيں افغانستان سے باہر تک پھيلي ہوئي ہيں - انہوں نے کہا کہ ان کا ملک،  کئي دہائيوں سے بيروني مداخلت اور دہشتگردي کا شکار ہے- جنوبي افريقا کے صدر جيکب زوما نے جنرل اسمبلي کے اجلاس سے خطاب ميں اقوام متحدہ ميں اصلاح کي ضرورت پر زور ديا - انہوں نے کہا کہ سلامتي کونسل عالمي بحرانوں کو حل کرنے پر قادر نہيں ہے اور بہت سے معاملات ميں ناکام ہوچکي ہے - انہوں نے سلامتي کونسل کو غير جمہوري قرار ديتے ہوئے کہا کہ يہ تمام ملکوں کا نمائندہ ادارہ نہيں ہے - انہوں سلامتي کونسل ميں افريقا کي مستقل نمائندگي کي ضرورت پر زور ديا -

.......

/169