12 ستمبر 2012 - 19:30

مشرق وسطی کی چرچ کونسل کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ نے کہا: امریکی پادری ـ جس نے مسلمانوں کے خلاف تند و تیز موقف اپنایا ہے ـ در حقیقت ایک صہیونی ہے۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی پورٹ کے مطابق مشرق وسطی کی چرچ کونسل کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ "یوسف مونس" نے امریکی پادری ٹیری جونز کی طرف سے مسلمانوں کے خلاف انتہاپسندانہ موقف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکی پادری چرچ میں کوئی وقعت رکھتا ہے اور نہ کیتھولک عیسائیوں میں اس کو لائق توجہ اور معتبر سمجھا جاتا ہے اور اس نے امریکہ میں صدارتی انتخابات کی آمد آمد پر یہ بھونڈا اقدام کرکے در حقیقت موجودہ حالات سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔ اس عیسائی عالم دین نے کہا: جونز امریکیوں کے نزدیک بھی قابل احترام نہیں ہے اور اس کے حامیوں کی تعداد چالیس افراد سے تجاوز نہیں کرتی۔ انھوں نے کہا: جو آراء و عقائد انتہا پسند افراد دین کے نام سے بیان کرتے ہیں ان کا سرچشمہ دین نہيں ہے بلکہ یہ آراء و عقائد عالمی صہیونیت کے مفاد میں ہیں جس کی کوشش ہے کہ دنیا والوں کو اسلام سے خوفزدہ کرکے اپنے وجود کے لئے جواز فراہم کرے۔ انھوں نے کہا: ہم دوسرے آسمانی ادیان اور اعتقادات کی توہین کے خلاف ہیں، انتہاپسندوں کی گستاخیاں صرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی شان میں تک محدود نہيں ہیں بلکہ وہ حضرت عیسی (ع) اور حضرت مریم (س) کی بھی توہین کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا: مسلم، عیسائی اور یہودی حضرت ابراہیم (ع) کے پیروکار ہیں اور انہیں آپس میں بخل اور عناد نہيں برتنا چاہئے اور اللہ تعالی نے زمین تمام انسانوں کے لئے خلق فرمائی اور اس کو کسی خاص ملت سے مختص نہیں کیا۔ ......./110