ابنا: انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے سربراہ نے کہا: رحمت و مغفرت اور تزکیہ نفس کا مبارک مہینہ ایک بار پھر ہم پہ سایہ فگن ہوا ہے ۔فرزندان توحید کی خدمت میں ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ وہ عامتہ المسلمین کو ماہ مبارک کی خیر و برکات سے مستفید ہونے کی توفیق عطا کرے۔ جیسا کہ فرمان الٰہی ہے کہ’’ ہم نے جن و انس کو صرف اس لئے خلق کیا کہ وہ میری عبادت کریں ‘‘۔عبادت صرف تسبیع و تہلیل اور سجود و رکوع کا نا م نہیں بلکہ ہر وہ کام جو اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا باعث ہو عبادت ہے۔ عبادت کے وسیع مفہوم احکامات خداوندی کے سامنے سر بسجود ہونا اور نا فرمانی سے بچنا ہے کوئی بھی اہل ایمان نہیں چاہتا کہ اُس کا شمار اللہ تعالیٰ کے نا فرمانوں میں سے ہو لیکن خواہشات نفسانی انسان کو دانستہ طور پر خدا کی نا فرمانی پر اُبھارتے ہیں دُنیا میں جو بھی بھیانک انسانیت سوز جرائم سر زد ہوتے ہیں اُن کے پس پشت صرف انسان کی نفسانی خواہشات کارفرما ہوتے ہیں ۔ خواہشات نفسانی ہر گناہ کی جڑ اور سلب ایمان کا اہم سبب ہیں۔ ماہ رمضان المبارک نفس کو تباہ کن خواہشات کی زہر آلود کثافت سے پاک کرنے کے تربیتی ماہ کا نام ہے تزکیہ نفس تقویٰ کی پہلی راہ گذر ہے اور تقویٰ سب سے بہترین زادراہ ہے۔
سید حسن موسوی نے مزید کہا: فرزندان توحید ماہ مبارک کا ایک ایک پل سراپا تقصیر بندگان خدا کیلئے عمر خضر سے بھی زیادہ بیش قیمت ہے اور کیوں نہ ہو اسی ماہ مبارک میں وہ عظیم ترین رات ہے جس کو لیلۃ القدر کہتے ہیں اور جو ہزار ماہ سے بہتر ہے اور اسی ماہ مبارک کے جمعۃ الوداع کے ایک ایک پل میں اللہ تعالیٰ لاکھوں بندوں کو آتش جہنم سے آزاد فرماتا ہے لہٰذا ماہ رمضان المبارک کو عظیم تحفہ الٰہی سمجھ کر اس کی رحمتوں سے استفادہ کی کوشش کریں۔ بلا شبہ ماہ مبارک رب العزت کی طرف سے ہم بندوں کیلئے عام معافی کا اعلان ہے۔ آیئے اس ماہ مبارک کے پیغام کو سمجھ کر حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کے حوالے سے خلوص و سنجیدگی کا مظاہرہ کریں یہی دین کا ماحصل ہے ۔
.......
/169