12 جولائی 2012 - 19:30

تحریک استقلال پاکستان کے مرکزی صدر کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی سے پاکستان کے تمام شہروں میں دہشت گردی کا سلسلہ شروع ہوا ہے، دنیا کے تمام مسلمان ممالک کی دفاع پالیسی ہے جبکہ امریکہ کی جارحانہ اور توسیع پسندانہ پالیسی سے دنیا میں دہشت گردی میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے۔

ابنا: تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ جب سے نیٹو سپلائی بحال کی گئی ہے اس وقت سے پاکستان کے تمام شہروں میں دہشت گردی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے چیئرمین ملتان عبدالرؤف قریشی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے اور پوری دنیا میں تمام تر دہشت گردی کا ذمہ دار امریکہ ہی ہے کیونکہ تمام اسلامی ممالک کی ہمیشہ دفاعی پالیسی رہی ہے مگر امریکہ کی توسیع پسندانہ اور جارحانہ پالیسی کے باعث گزرتے وقت کے ساتھ دنیا میں دہشت گردی میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے اور امریکہ ہی پاکستان کے بھی تمام مسائل کا ذمہ دار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں سپارکو کی بس پر حملہ، لاہور میں دہشت گردی، پشاور میں پولیس وین پر حملے صرف اور صرف نیٹو سپلائی کی بحالی کے بعد دہشت گردی کی نئی لہر کا حصہ ہیں اور ان تمام واقعات کا ذمہ دار امریکہ ہے کیونکہ امریکہ کبھی نہیں چاہتا کہ پاکستان میں امن و امان قائم ہو اور یہاں پر سرمایہ کاری کا ماحول پیدا ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ ہر سال لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کو قتل کر کے پارسا بننے کی کوشش کرتا ہے، حکمرانوں کو چاہیے کہ امریکہ کے نام نہاد اتحاد سے فوری طور پر الگ ہو جائیں اور اس کی دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ کو بھی خیر باد کہہ دیں جو اصل میں دہشت گردوں کے نہیں مسلمانوں کے خلاف ہے۔......./169