ابنا: سید عزت اللہ ضرغامی نے آج شام کے وزیر اطلاعات و نشریات عمران الزعبی سے ٹیلیفوں پر رابطہ کرکے الاخباریہ چينل پر دہشتگردوں کے حملے اور اس حملے میں کئي صحافیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔
عزت اللہ ضرغامی نے کہا کہ بعض حکومتوں کے حمایت یافتہ دہشتگردوں سے اس کے علاوہ اور کوئي توقع بھی نہیں کی جاسکتی لیکن بیدار ضمیر انسان، اور خود مختار ذرائع ابلاغ اس طرح کےجرائم اور دنیا پر مسلط میڈیا دہشتگردی کا مقابلہ کرنےکی سنگين ذمہ داری کے حامل ہیں۔
آئي آر آئی بی کے سربراہ سید عزت اللہ ضرغامی نے کہا کہ ایک طرف تو یورپی یونین عوام کو دھوکہ دیتےہوئے شام میں معلومات تک بلاروک ٹوک رسائي اور انسانی حقوق کے احترام کے بلند بانگ دعوے کرتا ہے لیکن دوسری طرف غیرقانونی اقدامات کرتے ہوئے شام کے ٹی وی چینلوں کو نائيل سیٹ اور عرب سیٹ سے ہٹادیتی ہے اور ان کی نشریات بند کردیتی ہے۔
اس ٹیلیفونی گفتگو میں شام کے وزیر اطلاعات و نشریات نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کی ہمدردی اور شام کے نشریاتی اداروں کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شام میں دہشتگردی یورپی یونین کے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ جاری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دہشتگردوں نے بدھ کے روز دمشق کے مضافات میں واقع الاخباریہ چینل کی عمارت پر حملہ کیا تھا جس میں سات صحافی جاں بحق ہوگئے تھے۔ شام میں امریکہ اور اسکے عرب اتحادیوں کے حمایت یافتہ دہشتگرد سرگرم عمل ہیں۔ .......
/169