15 جون 2012 - 19:30

اسلامی جمہوریۂ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری سعید جلیلی نے کہا ہے کہ امید کی جاتی ہے کہ ماسکو مذاکرات میں یورینیم افزودگی کا ایرانی حق باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا جائے گا۔

ابنا: سعید جلیلی نے جمعہ کے روز رشا ٹوڈے ٹی وی کو دئیے گئے اپنے انٹرویو میں مذکورہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ تہران یہ امید کرتا ہے کہ ایٹمی ٹیکنالوجی سے متعلق ایران کے حق کو ، کہ جس میں یورینیم کی افزودگي بھی شامل ہے ، باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا جائے گا اور اس کا احترام کیا جائے گا ، این پی ٹی معاہدے میں اس کا واضح طور پر ذکر کیا گيا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا مخالف ہے اور ترک اسلحہ کے سلسلے میں تعاون کی صلاحیت رکھتا ہے بنابریں عالمی برادری کو اس صلاحیت سے استفادہ کرنا چاہئے اور یورینیم کی افزودگی کے ایرانی حق کو تسلیم کرنے سے بھی مذاکرات کی پیش رفت میں مدد ملے گي۔

سعید جلیلی نے کہا کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کے خلاف تمام سازشوں کے باوجود تہران این پی ٹی معاہدے اور ایٹمی توانائي کی بین الاقوامی ایجنسی ، آئي اے ای اے ، کے دائرے میں اپنی ایٹمی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔واضح رہے کہ اٹھارہ اور انیس جون کو ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات ماسکو میں ہوں گے۔
 
.......

/169