اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق نائف بن عبدالعزیز کو کمر اور جوڑوں کی تکلیف کا علاج کروانے کی غرض سے اس بار جنیوا جارہے ہیں۔ "وطن" نامی ویب سائٹ نے مجتہد کے حوالے سے لکھا ہے کہ یہ دورہ آل سعود کے نئے ولیعہد نائف بن عبدالعزیز کے ایجنڈے میں شامل نہيں تھا اور پھر نائف تقریبا دو ماہ قبل امریکہ کے معالجاتی دورے سے واپس آئے تھے اور وہ کسی صورت میں ملک سے نکلنا نہيں چاہتے تھے لیکن کمر اور جوڑوں کی تکلیف نائف کے چلنے پھرنے میں رکاوٹ ڈال رہی ہے اور اس بار وہ طویل مدت کے لئے سعودی عرب سے بیرونی دورے پر جارہے ہیں کیونکہ ممکن کہ اس بار انہیں آپریشن کروانا پڑے۔ مجتہد نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی بادشاہ "عبداللہ بن عبدالعزیز" نے ـ جو عنقریب مراکش کے دورے پر جانا چاہتے تھے ـ اپنا دورہ نائف کی بیماری کی وجہ سے رمضان المبارک کے بعد تک ملتوی کردیا ہے۔ مجتہد نے زور دے کر کہا ہے کہ سعودی بادشاہ اور ولیعہد کو اس وقت صرف اپنی جسمانی صورت حال کی فکر ہے اور وہ عوامی مطالبات اور ملک کی صورت حال بہتر بنانے کی ضرورت کو لائق اعتنا نہيں سمجھتے۔واضح رہے کہ سعودی عرب کے ولیعہد سلطان بن عبدالعزیز حال ہی میں سرطان کی بیماری کی وجہ سے دنیا سے رخصت ہوچکے ہيں اور 78 سالہ نائف کو ولیعہد بنایا گيا ہے جو اس مختصر عرصے میں دوسری بار علاج کے لئے باہر جارہے ہيں۔
مبصرین بادشاہ اور ولیعہد اور بادشاہت اور ولیعہدی کا عہدہ سنبھالنے کی اہلیت رکھنے والے شہزادوں کے بڑھاپے کو آل سعود خاندان کے زوال کا امکانی سبب قرار دے رہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق سعودی خاندان نے تقریبا 70 سال سے بلادالحرمین پر اپنا خاندانی نام مسلط کررکھا ہے سعودی خاندان نے تیل کی دولت سے مالامال اس ملک کی مکمل دولت اپنے نام کرلی ہے لیکن بادشاہ اور ولیعہد کی بیماری اور باقی بھائیوں کے بڑھاپے کی وجہ سے مستقبل قریب میں یہ ملک سیاسی حوالے سے عدم استحکام سے دوچار ہوسکتا ہے۔ عبدالعزیز بن سعود نے 1932 میں حجاز پر قبضہ کیا اور آل سعود کی بادشاہی کی بنیاد رکھی؛ ایک روایت کے مطابق 90 اور دوسری روایت کے مطابق 225 عورتوں سے نکاح کیا ـ جبکہ اسلام میں امت رسول اللہ (ص) کے لئے 4 بیویوں سے زیادہ اختیار کرنا شرعی اعتبار سے ناجائز ہے ـ اور ان کثیر شادیوں سے عبدالعزیز کے 43 بیٹے اور 50 بیٹیاں پیدا ہوئیں اور انھوں نے وصیت کی کہ جب تک ان کے بیٹے زندہ ہيں سلطنت ان کو پوتوں کا حق نہيں ہے چنانچہ اس وقت تقریبا سات بھائی زندہ ہیں اور ان سب کی عمر ستر سال سے اوپر ہے۔مجتہد نے اب تک آل سعود کے خلاف بہت سے اہم اور درست انکشافات کئے ہیں اور اسی وجہ سے کہا جارہا ہے کہ وہ آل سعود خاندان کا کوئی ناراض رکن ہے اور اسی وجہ سے خاندان کے اندرونی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔ ............./110