ابنا: وزارت پٹرولیم کے حکام کے مطابق جوائنٹ سیکرٹری ڈویلپمنٹ شبیر احمد کی سربراہی میں سات رکنی وفد ایران کے دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گیا ہے۔
پاکستان کو فنڈز کی مشکلات کے باعث ایران نے آئی پی منصوبہ کی تکمیل کیلئے مزید 250 ملین ڈالر دینے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔ اس سے قبل بھی ایران 250 ملین ڈالر کی پیشکش کرچکا ہے۔
آئی پی گیس پائپ لائن کی تعمیر پر 1.25 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ ایرانی آفر کے بعد پاکستان کے لئے آئی پی منصوبے کے لئے فنڈز کا مسئلہ ختم ہو گیا ہے، پاکستان مزید رقم گیس صارفین پر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج کے ذریعے پوری کر لے گا۔
حکام کے مطابق ایران نے یومیہ 70 سے 80 ہزار بیرل خام تیل فراہم کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تیل کی ادائیگیاں بارٹر ٹریڈ کے ذریعے کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ ادائیگیوں کا حتمی طریقہ کار طے کرنے کے لئے ایرانی وفد آئندہ ہفتے پاکستان کا دروہ کرے گا۔
امریکی پابندیوں کے باعث بنکوں کے ذریعے ادائیگی نہیں کی جاسکتی۔ حکام کے مطابق پی پی ایل اور او جی ڈی سی ایل ایران میں تیل وگیس تلاش کریں گی۔
.......
/169